بلاوقفہ،معیاری برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے سکریٹری کی ہدایت
عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے رونالڈ راس نے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں تندہی سے کام کرنے اور کسی بھی رکاوٹ کو جنگی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کی۔
حیدرآباد: ریاستی محکمہ برقی کے سکریٹری رونالڈ راس نے سدرن تلنگانہ الیکٹرسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مسلسل معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنائیں اور صارفین کی جانب سے کی جانے والی شکایتوں کا فوری طور پر ازالہ کریں۔
سدرن تلنگانہ الیکٹرسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی ہیڈ کوارٹرس میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں رونالڈ راس نے چیف منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی اور کمپنی کے چیف انجینئرز اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز کے ساتھ آپریشنل چالینجس اور اہداف پر تبادلہ خیال کیا۔
عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے رونالڈ رس نے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں تندہی سے کام کرنے اور کسی بھی رکاوٹ کو جنگی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے چیف انجینئرز اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی سے فیلڈ کا دورہ کریں۔
مقامی عوامی نمائندوں اور صارفین سے ملاقات کریں اور شکایات، تجاویز اور فیڈ بیاک حاصل کریں۔ انہوں نے کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی ضرورت پر زور دیا اور ہر ملازم کو مشورہ دیا کہ وہ صارفین کے ساتھ احترام اور شائستگی کے ساتھ پیش آئیں۔