تلنگانہ

تلنگانہ میں نئے اسمارٹ راشن کارڈز کی تقسیم کا جلد ہوگا آ غاز، ایک کروڑ سے زائد خاندان ہوں گے مستفید

ذرائع کے مطابق اسمارٹ راشن کارڈز کی تقسیم کا آغاز حیدرآباد میں ایک خصوصی تقریب سے کیا جائے گا۔ اس کے بعد ریاست کے تمام اضلاع اور اسمبلی حلقوں میں وزراء اور مقامی ارکانِ اسمبلی کی موجودگی میں تقسیم کا سلسلہ شروع ہوگا۔ امکان ہے کہ یہ کارڈ اگست کے پہلے ہفتے یا پھر یومِ آزادی، 15 اگست کے موقع پر عوام میں تقسیم کیے جائیں گے۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت ریاست کے ایک کروڑ پانچ لاکھ سے زائد راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کے لیے جلد نئے اسمارٹ راشن کارڈز جاری کرنے جا رہی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کارڈز کی چھپائی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور انہیں مختلف اضلاع میں روانہ کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اب صرف وزیرِ اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی منظوری کے بعد تقسیم کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اسمارٹ راشن کارڈز کی تقسیم کا آغاز حیدرآباد میں ایک خصوصی تقریب سے کیا جائے گا۔ اس کے بعد ریاست کے تمام اضلاع اور اسمبلی حلقوں میں وزراء اور مقامی ارکانِ اسمبلی کی موجودگی میں تقسیم کا سلسلہ شروع ہوگا۔ امکان ہے کہ یہ کارڈ اگست کے پہلے ہفتے یا پھر یومِ آزادی، 15 اگست کے موقع پر عوام میں تقسیم کیے جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے پہلی بار راشن کارڈز کو جدید اسمارٹ فارمیٹ میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ کارڈ واٹر پروف، مضبوط اور آسانی سے خراب نہ ہونے والے میٹریل سے بنائے گئے ہیں، تاکہ انہیں طویل عرصے تک استعمال کیا جا سکے۔

ہر اسمارٹ راشن کارڈ پر کارڈ ہولڈر کا نام، پتہ، تصویر اور ایک کیو آر کوڈ (QR Code) درج ہوگا۔ اس کیو آر کوڈ کو اسکین کرتے ہی خاندان کے تمام افراد کی تفصیلات، راشن کی تقسیم کا ریکارڈ اور چاول، چینی، گیہوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی معلومات فوری طور پر دستیاب ہوں گی۔

راشن حاصل کرنے کے لیے مستحق خاندان کا کوئی بھی اہل فرد پہلے راشن کارڈ کا کیو آر کوڈ اسکین کرے گا یا کارڈ نمبر درج کرے گا، جس کے بعد بایومیٹرک تصدیق مکمل ہونے پر راشن حاصل کیا جا سکے گا۔

اس نظام کو مزید آسان بنانے کے لیے حکومت نے ٹی-ریشن (T-Ration) ایپ بھی متعارف کرائی ہے۔ صارفین کو ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے او ٹی پی کے ذریعے اپنا راشن کارڈ لنک کرنا ہوگا، جس کے بعد ایک ایم-پن (M-PIN) بنانا ہوگا۔ اسی کے ذریعے راشن سے متعلق مختلف خدمات آن لائن حاصل کی جا سکیں گی۔

محکمۂ شہری رسد کے حکام نے واضح کیا ہے کہ نئے اسمارٹ راشن کارڈز کی تیاری اور چھپائی کا تمام خرچ ریاستی حکومت برداشت کر رہی ہے، اور ان کارڈز کے اجرا یا تقسیم کے لیے عوام سے کسی بھی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔