سوشیل میڈیا

ڈاکٹر ذاکر نائیک قطر پہنچ گئے، فیفا ورلڈ کپ کے دوران دیں گے اسلامی لیکچرس

ہندوستان میں جب ان پر پابندی لگانے کا کام ہورہا تھا تو ذاکر نائیک ملک میں نہیں تھے۔ وہ واپس نہیں آئے اور ملائیشیا چلے گئے جہاں بعد میں ملائیشیا کی حکومت نے انہیں وہاں کی شہریت عطا کردی۔ تب سے وہ ملائیشیا میں ہی مقیم ہیں۔

دوحہ: فیفا ورلڈ کپ 2022 میں اسلامی مبلغ ذاکر نائیک دعوت کے کام پر قطر پہنچ گئے ہیں۔ ذاکر نائیک پر ہندوستان میں منی لانڈرنگ اور نفرت انگیز تقریر کا الزام ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹس کے مطابق وہ پورے ورلڈ کپ کے دوران مذہبی لیکچرس دیں گے۔

بتادیں کہ2016  کے آخر میں، ہندوستان کی مودی حکومت نے ذاکر نائیک کے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف) پر پابندی عائد کردی تھی اور الزامات عائد کئے تھے کہ یہ ادارہ نہ صرف منی لانڈرنگ میں ملوث ہے بلکہ ملک کے عوام میں مذہب کی بنیاد پر اختلافات پھیلارہا ہے۔

ہندوستان میں جب ان پر پابندی لگانے کا کام ہورہا تھا تو ذاکر نائیک ملک میں نہیں تھے۔ وہ واپس نہیں آئے اور ملائیشیا چلے گئے جہاں بعد میں ملائیشیا کی حکومت نے انہیں وہاں کی شہریت عطا کردی۔ تب سے وہ ملائیشیا میں ہی مقیم ہیں۔

قطر کے ایک صحافی اور کالم نگار ڈاکٹر عبداللہ العمادی نے جو ٹویٹر پر ویریفائیڈ اکاؤنٹ رکھتے ہیں، ڈاکٹر ذاکر نائیک کی قطر آمد کی توثیق کی ہے اور ان کی تصاویر اور ایک ویڈیو بھی ٹویٹر پر پوسٹ کیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستانی فلمساز زین خان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی قطر آمد کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے وقت کے سب سے مشہور اسلامی اسکالرز میں سے ایک ڈاکٹر ذاکر نائیک #FIFAWorldCup کے لئے قطر پہنچ چکے ہیں۔

دوسرے تصدیق شدہ ٹویٹر اکاؤنٹس نے بھی نائیک کی قطر میں دعوت پر بلائی گئی معزز شخصیت کے طور پر موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ مختلف تصدیق شدہ اکاؤنٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران اسلام کے پیغام کو پھیلانے کے لئے خطبات دیں گے۔