الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر الیکٹورل بانڈس کی تفصیلات اپ لوڈ کردیں
سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق الیکشن کمیشن نے جمعرات کی رات دیر گئے اپنی ویب سائٹ پر انتخابی بانڈز سے متعلق پوری جانکاری اور تفصیلات اپ لوڈ کردی ہیں۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق الیکشن کمیشن نے جمعرات کی رات دیر گئے اپنی ویب سائٹ پر انتخابی بانڈز سے متعلق پوری جانکاری اور تفصیلات اپ لوڈ کردی ہیں۔
تقریباً 425 صفحات پر مشتمل اس دستاویز میں ان کمپنیوں، تنظیموں اور افراد کے بارے میں جانکاری دی گئی ہیں جنہوں نے سیاسی جماعتوں کو الیکٹورل بانڈز کے ذریعہ چندہ دیا ہے۔
ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق سیاسی جماعتوں کو چندہ دینے والی کمپنیوں میں بھارتی ایئرٹیل لمیٹڈ، فینولیکس کیبلز لمیٹڈ، لکشمی نواس متل، ایڈل ویز ہاؤسنگ فائنانس لمیٹڈ، جی ایچ سی ایل لمیٹڈ، جندال پولی فلمز لمیٹڈ، آئی ٹی سی لمیٹڈ، اسپائس جیٹ لمیٹڈ، جے کے سیمنٹ لمیٹڈ، ڈی ایل ایف کمرشل ڈویلپرز لمیٹڈ، ایون سائیکلز لمیٹڈ، جے کے سیمنٹ لمیٹڈ، زیڈس ہیلتھ کیئر لمیٹڈ، سیپلا لمیٹڈ، ڈاکٹر ریڈی لیبارٹریز لمیٹڈ اور مینکائنڈ فارما لمیٹڈ، گراسم انڈسٹریز لمیٹڈ، پیرامل کیپٹل اینڈ ہاؤسنگ فنانس لمیٹڈ، پیرامل انٹرپرائزز لمیٹڈ، متھوٹ فائنانس لمیٹڈ، پیگاسس پراپرٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ، ویدانتا لمیٹڈ اور بجاج فائنانس لمیٹڈ شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس نے آج اسٹیٹ بینک سے الیکٹورل بانڈز سے متعلق موصول ہونے والے ڈیٹا کو اپنی ویب سائٹ پر ‘جیسی ہے جہاں ہے’ کی بنیاد پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ اس نے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اس معاملے میں شفافیت کے ساتھ کام کیا ہے۔
سپریم کورٹ نے کمیشن سے کہا تھا کہ وہ 15 مارچ تک انتخابی بانڈ ڈیٹا سے متعلق معلومات اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرے۔
انتخابی بانڈ کے اعداد و شمار سے مختلف سیاسی جماعتوں کو عطیہ دہندگان، کارپوریٹ اور افراد دونوں کی فہرست کا پتہ چلاہے۔
ایک تاریخی فیصلے میں سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ انتخابی بانڈ اسکیم کو غیر آئینی قرار دیا تھا اور اسٹیٹ بینک سے کہا تھا کہ وہ ڈیٹا کو انتخابی ادارے کے ساتھ شیئر کرے تاکہ اسے عام کیا جا سکے۔