شمالی بھارت

مدھیہ پردیش میں جلدی مرض کے سبب 336 مویشی فوت

مدھیہ پردیش میں 20,800 سے زیادہ مویشی جلدی مرض میں مبتلا پائے گئے، جن کے منجملہ ابھی تک 336 فوت ہوئے۔ عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔

بھوپال: مدھیہ پردیش میں 20,800 سے زیادہ مویشی جلدی مرض میں مبتلا پائے گئے، جن کے منجملہ ابھی تک 336 فوت ہوئے۔ عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 31 اضلاع میں 13 اکتوبر تک جملہ 20876 مویشی متاثر ہوئے۔ ابھی تک 18.351 مویشی صحت یاب ہوئے، جب کہ 336 فوت ہوئے ہیں۔

عہدیداروں نے مزید بتایا کہ شدید متاثرہ اضلاع میں دھار بیتول مورینا، رتلام، اجین اور کھنڈوا شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرض سے تحفظ کے لیے ابھی تک 17.21 لاکھ مویشی کی ٹیکہ اندازی کی گئی ہے۔

عہدیداروں کے مطابق ریاست میں درکار تعداد سے زیادہ تعداد میں ٹیکے تمام اضلاع میں دستیاب ہیں۔ جلدی مرض ایک متعدی مرض ہے، جس سے مویشی متاثر ہوتے ہیں، جس سے انہیں بخار اور جلد میں سوجن آتی ہے اور موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

یہ مرض مچھروں، مکھیوں، جونکوں اور آپسی اختلاط کے علاوہ آلودہ غذا اور پانی کے سبب بھی پھیلتا ہے۔

مرض کی عام علامتیں بخار، آنکھ اور کان سے پانی بہنا جسم پر چھالے جیسی سوجن ہیں۔ اس سے دودھ کی مقدار کم ہوجاتی ہے۔ چارہ کھانے میں مشکل ہوتی، جس کے نتیجے میں موت واقع ہوتی ہے۔