الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ،ایس آئی آر کی مدت میں ایک ہفتہ کی توسیع
دوسری جانب کئی ریاستوں خصوصاً مغربی بنگال سے یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ SIR ڈیوٹی پر مامور بوتھ لیول افسران اور انتخابی عملہ شدید کام کے دباؤ سے دوچار ہیں، یہاں تک کہ ذہنی تناؤ کے باعث کچھ اہلکاروں نے خودکشی جیسا افسوسناک قدم بھی اٹھایا۔
نئی دہلی: ملک کی بارہ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں ووٹر لسٹ کی تصدیق، اصلاح اور صفائی کے لیے جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے شیڈول میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے مدت میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔
تازہ احکامات کے مطابق ووٹروں کی گنتی جو پہلے 4 دسمبر تک مکمل ہونی تھی، اب 11 دسمبر کو ختم ہوگی۔ اسی طرح 9 دسمبر کو جاری ہونے والی مسودہ ووٹر لسٹ اب 16 دسمبر کو شائع کی جائے گی، جبکہ حتمی ووٹر لسٹ 14 فروری کو جاری ہوگی۔
دوسری جانب کئی ریاستوں خصوصاً مغربی بنگال سے یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ SIR ڈیوٹی پر مامور بوتھ لیول افسران اور انتخابی عملہ شدید کام کے دباؤ سے دوچار ہیں، یہاں تک کہ ذہنی تناؤ کے باعث کچھ اہلکاروں نے خودکشی جیسا افسوسناک قدم بھی اٹھایا۔
اپوزیشن جماعتوں نے الزام لگایا ہے کہ ریاستی حکومتیں الیکشن کمیشن کے دباؤ میں مختصر وقت میں کام نمٹانے کے لیے عملے پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہیں، جس کے نتیجے میں خطرناک حالات پیدا ہو رہے ہیں۔
اسی پس منظر میں ترنمول کانگریس سمیت مختلف اپوزیشن قائدین نے دہلی میں چیف الیکشن کمشنر جنیش کمار سے ملاقات کرکے SIR کے شیڈول کو ازسرِنو طے کرنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر یہ معاملہ پیر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں دونوں ایوانوں میں شدید بحث کا موضوع بننے والا ہے۔
بڑھتی ہوئی تنقید اور بگڑتی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے SIR کی مدت مزید ایک ہفتے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ عملے کو مناسب وقت مل سکے اور پورے ملک میں ووٹر لسٹ کی درستگی کا عمل بغیر دباؤ کے مکمل کیا جا سکے۔