سوشیل میڈیا

فیکٹ چیکر محمد زبیر کو تامل ناڈو حکومت نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈ سے نوازا

چیف منسٹر تاملناڈو ایم کے اسٹالن نے جمعہ کے روز ریاستی حکومت کا ایوارڈ برائے فروغ فرقہ وارانہ ہم آہنگی فیکٹ چیکر محمد زبیر کو عطا کیا۔

چینائی: چیف منسٹر تاملناڈو ایم کے اسٹالن نے جمعہ کے روز ریاستی حکومت کا ایوارڈ برائے فروغ فرقہ وارانہ ہم آہنگی فیکٹ چیکر محمد زبیر کو عطا کیا۔

یہ ایوارڈ "تشدد کی روک تھام میں ان کی شراکت کے اعتراف میں” دیا گیا ہے جبکہ محمد زبیر نے سوشل میڈیا میں کئے جارہے ان دعوؤں کو مسترد کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا کہ تامل ناڈو میں امیگرنٹ ورکرس غیرمحفوظ ہیں اور ان پر آئے دن حملے ہوتے رہتے ہیں۔

آلٹ نیوز کے شریک بانی زبیر کو یہاں 75ویں یوم جمہوریہ تقریب میں چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے یہ ایوارڈ پیش کیا۔

ریاستی حکومت نے مارچ 2023 میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر دعوے کئے جارہے ہیں کہ تامل ناڈو میں تارکین وطن کارکنوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔

اس طرح کے دعوے کرنے والے ویڈیو کلپس کی صداقت کی تصدیق کرنے کے بعد زبیر نے آلٹ نیوز کی ویب سائٹ پر یہ واضح کر دیا کہ اس طرح کے دعوے جھوٹے ہیں اور اس طرح کے حملے تامل ناڈو میں بالکل نہیں ہوئے ہیں۔

حکومت نے کہا کہ اس طرح زبیر نے تامل ناڈو کے خلاف افواہوں کو پھیلنے سے روکا اور ذات، مذہب، نسل اور زبان کی وجہ سے ہونے والے تشدد کو روکنے کے لئے کام کیا۔

"فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے، محمد زبیر کو سال 2024 کے لیے کوٹائی امیر فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔” حکومت نے مزید کہا کہ محمد زبیر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے مختلف خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تامل ناڈو حکومت نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے سال 2000 میں کوٹائی امیر فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈ قائم کیا۔ یہ اعزاز ریاست سے تعلق رکھنے والے شخص کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی تعمیر میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔

ایوارڈ میں ایک تمغہ، 25,000 روپے کی نقد رقم اور خدمات کے اعزاز میں ایک سرٹیفکیٹ شامل ہے۔ حکومت نے بتایا کہ محمد زبیر ضلع کرشنا گری کے دنکانی کوٹائی تعلقہ کے رہنے والے ہیں۔