غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد ہندوستان پھر غیرحاضر
غزہ میں ”فوری‘ غیرمشروط اور مستقل“ جنگ بندی کے مطالبہ پر مشتمل مسودہ قرارداد پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران ہندوستان غیرحاضر رہا۔

قوام متحدہ (پی ٹی آئی) غزہ میں ”فوری‘ غیرمشروط اور مستقل“ جنگ بندی کے مطالبہ پر مشتمل مسودہ قرارداد پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران ہندوستان غیرحاضر رہا۔
193 رکنی یواین جنرل اسمبلی میں اسپین کی طرف سے پیش کی گئی یہ قرارداد بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرلی گئی۔ اس قرارداد میں غزہ میں فوری غیرمشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا جس کا سبھی فریق احترام کریں۔ حماس کو چاہئے کہ وہ سارے یرغمالی غیرمشروط طورپر رہا کردے۔
ہندوستان غیرحاضر رہنے والے 19 ممالک میں شامل ہے جبکہ 12 ممالک نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔ قرارداد کے حق میں 149 ووٹ پڑے۔ غیرحاضر رہنے والے ممالک میں البانیہ‘ کیمرون‘ ایکویڈار‘ ایتھوپیا‘ ملاوی‘ پنامہ‘ جنوبی سوڈان اور ٹوگو بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندہ پروتانینی ہریش نے کہا کہ ہندوستان کو غزہ میں بڑھتے انسانی بحران پر سخت تشویش ہے۔ وہ وہاں انسانی جانوں کے اتلاف کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان‘ اسرائیل۔ فلسطین مسئلہ پر قراردادوں پر ووٹنگ کے دوران سابق میں بھی غیرحاضر رہ چکا ہے۔
ہمارے خیال میں بات چیت اور سفارت کاری کے سوا مسئلہ حل کرنے کا کوئی اور راستہ نہیں۔ فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان نے اِس بار بھی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔