سوشیل میڈیا
ٹرینڈنگ

اسلام قبول کرنے والے ٹیلی ویژن کے مشہور اداکار کے ایمان افروز تاثرات

ویوین ڈیسینا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد یہ میری زندگی کا چھٹا رمضان ہے، میں اللہ کے فضل و کرم سے پورے 30 روزے رکھتا ہوں اور اس بابرکت مہینہ میں زیادہ سے زیادہ عبادت بھی کرتا ہوں۔

حیدرآباد: ٹیلی ویژن انڈسٹری کے مشہور اداکار ویوین ڈیسینا نے کہا ہے کہ اُنہوں نے کچھ سال قبل رمضان المبارک میں اسلام قبول کیا تھا کیونکہ یہ مقدس مہینہ اُن کے دل کے بہت قریب ہے۔

ویوین ڈیسینا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد یہ میری زندگی کا چھٹا رمضان ہے، میں اللہ کے فضل و کرم سے پورے 30 روزے رکھتا ہوں اور اس بابرکت مہینہ میں زیادہ سے زیادہ عبادت بھی کرتا ہوں۔

اداکار نے کہا کہ تمام مسلمانوں پر رمضان کے روزے رکھنا فرض ہیں کیونکہ یہ اسلام کے بنیادی پانچ ارکان میں سے ایک ہے لیکن کسی عذر یا بیماری کی صورت میں ہم روزہ چھوڑ سکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں شادی کے بعد بحرین منتقل ہوگیا ہوں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ماہِ رمضان اپنے افراد خاندان کے ساتھ بحرین میں گزاروں لیکن اگر مجھے ہندوستان میں کسی پراجیکٹ میں کام کرنا ہوتا ہے تو پھر مجبوری میں افراد خاندان سے دور رہنا پڑتا ہے۔

ویوین نے پہلی بار روزہ رکھنے کے تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ شروعات میں زورہ رکھنے میں بہت مشکل ہوتی تھی کیونکہ میں پانی اور کافی کے بغیر نہیں رہ سکتا تھا لیکن اب وقت کے ساتھ عادت ہوگئی اور سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ نے ہمت دی ہے۔

اداکار نے اللہ کا شُکر ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں جس نے مجھے ہدایت دی کہ میں دینِ اسلام میں داخل ہوگیا اور پھر میرے نصیب میں بہترین افراد خاندان اور نیک بیوی لکھی۔

واضح رہے کہ ویوین ڈیسینا نے مصری خاتون صحافی نوران علی سے شادی کی، وہ شادی کے بعد بحرین منتقل ہوگئے ہیں لیکن کام کے سلسلہ میں اکثر ہندوستان آتےجارے رہتے ہیں۔