بیٹی کے امتحان کیلئے صبح 4:30 بجے سائیکل پر سفر، ویڈیو نے جیت لیا سب کا دل
سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا خواب پورا کرنے کے لیے نوجوان دن رات محنت کرتے ہیں، لیکن اس جدوجہد میں والدین کا تعاون ان کے حوصلے کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ ایسی ہی ایک جذباتی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے
نئی دہلی: سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا خواب پورا کرنے کے لیے نوجوان دن رات محنت کرتے ہیں، لیکن اس جدوجہد میں والدین کا تعاون ان کے حوصلے کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ ایسی ہی ایک جذباتی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک والد اپنی بیٹی کو امتحان دلانے کے لیے علی الصبح سائیکل پر گھر سے نکلتے نظر آ رہے ہیں۔
یہ ویڈیو نیمیشا کشیپ نے یکم نومبر کی صبح سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اترپردیش سب آرڈینیٹ سروس سلیکشن کمیشن (UPSSSC) کے پی ای ٹی 2026 امتحان میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں اور ان کے والد انہیں امتحانی مرکز تک پہنچانے کے لیے صبح سویرے سائیکل پر روانہ ہوئے۔
ویڈیو میں نیمیشا اپنے والد کے ساتھ سائیکل پر بیٹھی مسکراتے ہوئے بتاتی ہیں کہ صبح کے ساڑھے چار بج رہے ہیں اور چاروں طرف اندھیرا ہے، اسی لیے وہ اپنے والد کے ساتھ جا رہی ہیں۔ انہوں نے ویڈیو کے ساتھ جذباتی پیغام بھی تحریر کیا کہ ’’میرے والد میرے سب سے بڑے حوصلہ افزا ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یو پی ایس ایس ایس سی پی ای ٹی 2026 کا امتحان ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق 25 اکتوبر، 30 اکتوبر اور یکم نومبر کو منعقد کیا گیا تھا، جس میں ریاست بھر سے بڑی تعداد میں امیدواروں نے شرکت کی۔
اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ کئی لوگوں نے بیٹی کے خواب کو پورا کرنے کے لیے والد کی محبت اور محنت کو سلام پیش کیا، جبکہ بعض صارفین نے نیمیشا کو امتحان میں کامیابی کے لیے نیک تمنائیں پیش کیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ والد قابلِ احترام ہیں، جبکہ دوسرے نے کہا کہ معاشرے میں والدین کی ایسی حوصلہ افزائی دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
یہ ویڈیو ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ بچوں کے خوابوں کی تکمیل میں والدین کی محبت، قربانی اور حوصلہ افزائی کتنی اہم ہوتی ہے۔