صحت

خاتون آئی اے ایس عہدیدار کی سرکاری اسپتال میں زچگی

اس طرح انہوں نے ثابت کردیا کہ تلنگانہ کے نگہداشت صحت نظام میں ماؤں کا بھروسہ ہونا چاہئے۔ ضلع کلکٹر جئے شنکر بھوپال پلی بھاویش مشرا کی بیوی ایلا ترپاٹھی کو کل دوپہر درد زہ پر اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

حیدرآباد: سرکاری اسپتالوں میں زچگیوں کو فروغ دینے اور اس سلسلہ میں خواتین میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے تلنگانہ کے ضلع مُلگ کی ایڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈیز) ایلا ترپاٹھی نے پیر کی شب گورنمنٹ ایریا اسپتال میں زچگی کروائی اور ایک صحت مند بچہ کو جنم دیا۔

اس طرح انہوں نے ثابت کردیا کہ تلنگانہ کے نگہداشت صحت نظام میں ماؤں کا بھروسہ ہونا چاہئے۔ ضلع کلکٹر جئے شنکر بھوپال پلی بھاویش مشرا کی بیوی ایلا ترپاٹھی کو کل دوپہر درد زہ پر اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنجیویا کی قیادت میں ڈاکٹرس کی ایک ٹیم نے نارمل زچگی کو یقینی بنانے کی کوشش کی تاہم اس میں ان کو ناکامی ہوئی۔ ڈاکٹر سنجیویا نے کہاکہ ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے کیونکہ بچہ کا وزن زیادہ تھا اسی لئے آپریشن کرنا پڑا۔

گائناکولوجسٹ سری دیوی، لاونیا، سندھیارانی اور ودیا نے سرجری انجام دی۔ سپرنٹنڈنٹ نے کہاکہ نوزائیدہ بچہ کا وزن 3.4کلو ہے۔دونوں ماں اور بچہ کی حالت مستحکم ہے۔

آئی اے ایس جوڑا، اپنے اس قدم کے ذریعہ ضلع کے عوام کے لئے رول ماڈل بن گیا ہے۔ان کے اس قدم کے ذریعہ خواتین میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی کہ وہ زچگی کیلئے پرائیویٹ اسپتالوں سے رجوع نہ ہوں بلکہ سرکاری دواخانہ میں دستیاب خدمات سے استفادہ کریں۔