ویڈیو: جالندھر کی ریچل گپتا، مس گرانڈ انٹرنیشنل 2024
پنجاب کے جالندھر کی لڑکی ریچل گپتا نے تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی باوقار مس گرینڈ انٹرنیشنل 2024 کا خطاب جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔

جالندھر (یو این آئی) پنجاب کے جالندھر کی لڑکی ریچل گپتا نے تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی باوقار مس گرینڈ انٹرنیشنل 2024 کا خطاب جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔
پہلی بار یہ ٹائٹل ہندوستان کے حصے میں آیا ہے۔ مس گرینڈ انٹرنیشنل 2023 کی فاتح پیرو کی لوسیانا فوسٹر نے ریچل کو فتح کا تاج پہنایا۔ 25 اکتوبر کو منعقد ہونے والے مقابلے میں چار رنر اپ کا بھی اعلان کیا گیا۔
فلپائن کی کرسٹین جولیان اوپیزا (پہلی رنر اپ)، میانمار کی تھائی سو نین (سیکنڈ رنر اپ)، فرانس کی سیفیتو کیبینگلے (تھرڈ رنر اپ) اور برازیل کی تالتا ہارٹ مین چوتھی رنر اپ ہیں۔جالندھر کی رہائشی ریچل گپتا ایک کامیاب ہندوستانی ماڈل، اداکارہ اور کاروباری شخصیت ہیں۔
وہ انگریزی، ہندی اور پنجابی زبانوں پر بھی مہارت رکھتی ہیں۔ ریچل کو اپنی خوبصورتی اور پرکشش موجودگی کی وجہ سے مس گرینڈ انٹرنیشنل 2024 کی پسندیدہ ترین مدمقابلوں میں سے ایک سمجھا جارہا تھا۔ گزشتہ کئی دنوں سے دنیا بھر میں یہ بحث ہورہی تھی کہ فاتح ریچل گپتا ہوں گی۔
تمام شائقین کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے انہوں نے مقابلہ کے مختلف مراحل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے وہ خطاب جیتنے میں کامیاب ہوئیں اور انہوں نے تاریخ رقم کی۔جیسے ہی ان کے سر پر تاج آیا، ریچل جذباتی ہو گئیں اور کہنے لگیں،“یہ ہر اہل وطن کی جیت ہے۔
”میں یہ تاج اپنے ملک کی ہر اس لڑکی کو وقف کرتی ہوں جو اس شعبے میں کچھ کرنا چاہتی ہیں۔ یہاں تک کا سفر آسان نہیں تھا لیکن مداحوں کے تعاون نے اس سفر کوبہت آسان بنا دیا۔