حیدرآباد

باغ لنگم پلی مائنارٹی گروکل اسکول میں فوڈ پوائزننگ کا سلسلہ جاری، مزید چار طالبات کی حالت بگڑنے کے بعد اسپتال میں داخل

حیدرآباد کے باغ لنگم پلی مائنارٹی گروکل اسکول و ہاسٹل میں فوڈ پوائزننگ کا معاملہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ واقعے میں ایک اور طالبہ کی طبیعت بگڑ گئی،

حیدرآباد کے باغ لنگم پلی مائنارٹی گروکل اسکول و ہاسٹل میں فوڈ پوائزننگ کا معاملہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ واقعے میں ایک اور طالبہ کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد اسے فوری طور پر کنگ کوٹھی کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرس کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق، متاثرہ طالبہ شِکا کو شدید پیٹ درد کی شکایت ہوئی، جس کے بعد ہاسٹل انتظامیہ نے اسے اسپتال پہنچایا۔ اس سے قبل گزشتہ رات چار طالبات کو بھی فوڈ پوائزننگ کی علامات کے ساتھ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جس سے والدین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

اس معاملے پر طالبہ کی والدہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہاسٹل انتظامیہ پر سنگین الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ ان کی بیٹی تیسری بار شدید طور پر بیمار ہوئی ہے۔ والدہ کے مطابق، ان کی بچی پہلے بھی نو دن تک اسپتال میں داخل رہی، کبھی پیٹ درد، کبھی انفیکشن، حتیٰ کہ بلڈ انفیکشن اور آئی سی یو تک نوبت آ چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام میڈیکل رپورٹس ان کے پاس موجود ہیں۔

طالبہ کی والدہ نے ہاسٹل میں فراہم کیے جانے والے کھانے کی حالت کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے کہا کہ چاول اور سبزیوں میں کیڑے، کنکر اور گندگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بارہا شکایت کرنے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے یہی جواب دیا جاتا ہے کہ “بچوں کی تعداد زیادہ ہے، ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے”۔

والدہ نے مزید کہا کہ وہ خود کچھ عرصہ ہاسٹل میں کام بھی کر چکی ہیں اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے کھانے کی ناقص حالت دیکھی ہے۔ ان کے مطابق، بینگن اور دیگر سبزیوں میں کیڑے ہوتے ہیں اور بغیر صاف کیے پکا دیے جاتے ہیں، جس کا براہِ راست اثر بچوں کی صحت پر پڑ رہا ہے۔

مسلسل پیش آنے والے ان واقعات نے مائنارٹی گروکل ہاسٹلوں میں خوراک کے معیار اور انتظامیہ کی نگرانی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کرائی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تاکہ آئندہ کسی طالب علم کی جان کو خطرہ لاحق نہ ہو۔