تلنگانہ

ڈبل انجن کی سرکار کی بات کرنے والے احمق: ہریش راؤ

عوام کو سمجھ لینا چاہئے کہ یہ ڈبل انجن کی حکومت نہیں بلکہ ٹربول انجن والی حکومت ہے۔ ہریش راؤ نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرنے والی واحد حکومت بی آر ایس حکومت ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس وصحت ٹی ہریش راؤ نے ڈبل انجن کی سرکار کی بات کرنے والوں کو احمق قرار دیتے ہوئے پوچھا کہ آیا ڈبل انجن کی سرکار نے غریبوں میں ڈبل بیڈروم مکانات دینے کے متعلق کبھی سوچا بھی ہے؟۔

متعلقہ خبریں
صفا بیت المال اور رہبر فاونڈیشن کے اشتراک سے سلائی مشینوں اور ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم
ڈبل بیڈروم مکانات کے دستاویزات جعلی۔ غریب عوام سے دھوکہ دہی
اروند پنگڑیا، 16ویں فینانس کمیشن کے سربراہ مقرر
لوک سبھا میں تلنگانہ ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام کا بل متعارف
کانگریس اقتدار کے 100 دنوں میں 180 کسانوں کی خود کشی

 آج سنگاریڈی کے کلور میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم کیلئے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند سیاسی جماعتیں ایسی بھی ہیں، جن کا کام زندگی بھر دھرنے منظم کرنا رہ گیا ہے۔

سابق حکومتوں پر غریب اور پسماندہ طبقات کو نظر انداز کردینے کا الزام لگاتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کی سوچ اُن جماعتوں سے مختلف ہے۔ ہم غریب عوام کو اپنے دلوں میں جگہ دے رکھے ہیں۔ ہماری غریبوں سے ہمدردی، اپوزیشن جماعتوں کو ہضم نہیں ہورہی ہے، عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ریاست کی صورتحال پر غور وخوص کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ لوگ خود دیکھ رہے ہیں کہ حکومت غریب بیٹیوں کی شادی کیلئے کلیانہ لکشمی کو متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی غریب بہنوں، بیٹیوں کی شادی کیلئے ایک نئے پیسہ کی مدد نہیں کی تھی۔

 بی آر ایس حکومت نے ریاست بھر میں بستی اور پلے دواخانے قائم کرتے ہوئے عوام کے گھروں تک علاج ومعالجہ کی سہولت فراہم کی صاف پینے کا پانی کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے ہمیشہ وعدے کئے جاتے ہیں مگر کبھی ان وعدوں کو عملی روپ نہیں دیا جاتا۔

 اس لئے عوام کو چاہئے کہ وہ کام کرنے والوں اور باتیں کرنے والوں کے درمیان فرق کو محسوس کریں۔ چند قائدین ڈبل انجن کی حکومت کی بات کررہے ہیں۔ میں ان قائدین سے سوال کررہا ہوں کہ ملک میں جہاں جہاں بھی ڈبل انجن کی حکومت ہے، کیا وہاں ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کرنے کا تصور ہے؟۔

 کیا ان حکومتوں نے خواب میں ہی سہی ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے؟۔ ایسا بھی نہیں ہے۔ عوام کو سمجھ لینا چاہئے کہ یہ ڈبل انجن کی حکومت نہیں بلکہ ٹربول انجن والی حکومت ہے۔ ہریش راؤ نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرنے والی واحد حکومت بی آر ایس حکومت ہے۔

صرف تلنگانہ ایسی ریاست ہے جہاں استفادہ کنند گان سے ایک نیا پیسہ لئے بغیر پروقار زندگی بسر کرنے کیلئے انہیں ڈبل بیڈروم مکانات دے رہی ہے۔ حکومت 70 لاکھ مکانات تعمیر کرتے ہوئے ہر غریب کے سرپر، چھت فراہم کرنا چاہتی ہے۔

 ہماری آپ سے صرف اتنی خواہش ہے کہ آپ ان مکانات کو فروخت نہ کریں۔ ترقی کے خواب دیکھتے ہوئے پروقار باعزت زندگی بسر کریں۔ اپوزیشن جماعتوں کے دلفریب نعروں کا شکار نہ بنیں اور اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے بی آر ایس کا ساتھ دیں۔