تلنگانہ

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی اڈھاک کمیٹی کی تشکیل، جلد انتخابات

واضح رہے کہ یونین کی تشکیل 2017میں عمل میں آئی تھی اور اتفاق رائے کے علاوہ جہاں ضرورت پڑے، انتخابات کے ذریعہ ریاستی کمیٹی کے ساتھ ساتھ اضلاع کمیٹیوں کے تمام عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا تھا۔

حیدرآباد: تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی جنرل باڈی کا ایک اجلاس آج اے جے مینشن، شانتی نگر، حیدرآباد میں منعقد ہوا جس میں تلنگانہ کے تقریباً تمام اضلاع کے اردو صحافیوں اور نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں
اردو ٹی وی چینلوں کو بھی تلگو کے مساوی اشتہارات کی اجرائی، ٹی یو ڈبلیو جے یو کی کامیاب نمائندگی
عادل آباد میں مفت سوشیل میڈیا کلاسس جاری، ناندیڑ کے معروف صحافی ضمیر احمد خان کا لیکچر
ٹی یو ڈبلیو جے یو کے جنرل باڈی اجلاس کا عنقریب عظیم الشان پیمانے پر انعقاد
ٹی یو ڈبلیو جے یو عادل آباد یونٹ کے زیراہتمام مفت سوشیل میڈیا تربیتی کلاسس
ٹی یو ڈبلیو جے یو ضلع عادل آباد یونٹ کے انتخابات، عبدالعلیم صدر اور محمد حمایت اللہ جنرل سکریٹری منتخب

یہ اجلاس جناب جمال شریف ایڈوکیٹ (نامہ نگار روزنامہ سیاست جنگاؤں) کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں یونین کی ریاستی کمیٹی اور اضلاع کمیٹیوں کے انتخابات کے علاوہ دیگر امور پر غور و خوض کیا گیا۔

واضح رہے کہ یونین کی تشکیل 2017میں عمل میں آئی تھی اور اتفاق رائے کے علاوہ جہاں ضرورت پڑے، انتخابات کے ذریعہ ریاستی کمیٹی کے ساتھ ساتھ اضلاع کمیٹیوں کے تمام عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا تھا۔

ان عہدوں پر عہدیداروں کا انتخاب دو سالہ مدت کے لئے عمل میں آیا تھا تاہم کورونا وائرس کی وبا، لاک ڈاؤن اور اس سے متعلق مختلف وجوہات کے باعث یونین کے انتخابات دوبارہ منعقد نہیں کئے جاسکے تھے۔

اب چونکہ حالات بہتر ہوچکے ہیں اور معمولات زندگی بڑی حد تک بحال ہوچکے ہیں تو یونین نے بھی انتخابات منعقد کرکے ریاستی کمیٹی اور اضلاع کمیٹیوں کے علاوہ دیگر ضروری کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلہ میں آج منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں کافی غور و خوض اور تبادلہ خیال کے بعد ایک اڈھاک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے فی الفور اس کی تشکیل عمل میں لائی گئی اور اتفاق رائے سے جناب شجاع الدین افتخاری، بیورو چیف روزنامہ اعتماد حیدرآباد کو اڈھاک کمیٹی کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ جناب ساجد معراج، پی ایچ ڈی (لاء) ریسرچ اسکالر اور (گورنمنٹ ٹیچر) کو اعزازی سرپرست مقرر کیا گیا۔

اڈھاک کمیٹی میں تلنگانہ کے تمام قدیم متحدہ اضلاع سے کم از کم ایک نمائندہ کو جگہ دی گئی ہے اور جملہ10  ارکان کا ندائی ووٹ کے ذریعہ انتخاب عمل میں لایا گیا جن میں جناب جمال شریف (متحدہ ضلع ورنگل)، جناب سعید محی الدین(متحدہ ضلع ورنگل)، جناب نثار احمد (متحدہ ضلع کریم نگر)، جناب مفتی رئیس الدین قاسمی (متحدہ ضلع عادل آباد)، جناب سید یٰسین علی (متحدہ ضلع نظام آباد)، جناب محمد متبع علی خان (حیدرآباد)، جناب محمد کریم الدین(متحدہ ضلع میدک)، جناب اشفاق احمد (متحدہ ضلع نلگنڈہ)، جناب علیم الدین (متحدہ ضلع نظام آباد) اورجناب محمد رفیع ذکی(متحدہ ضلع محبوب نگر) شامل ہیں۔ 

اڈھاک کمیٹی کو تمام کمیٹیوں کے انتخابات کے انعقاد کے علاوہ قانونی و دیگر متعلقہ امور کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس کے لئے کمیٹی کو اندرون و بیرون یونین، ضروری اقدامات کے سلسلہ میں تمام اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔

جنرل باڈی اجلاس میں فوری طور پر یونین کی رکنیت سازی مہم کا احیاء کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یونین، تلنگانہ کے اردو صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے اور اپیل کرتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں یونین کی رکنیت حاصل کرکے اردو صحافت سے اپنی وابستگی اور اس کی ترقی کے لئے اپنی سنجیدگی کا ثبوت دیں تاکہ ہر ایک اردو صحافی کو اس کا جائز حق حاصل ہوسکے۔

یہ یونین ہر ایک اردو صحافی کو اس کا جائز حق دلانے کے لئے ماضی کی طرح اپنی جدوجہد اور عزم کا اعادہ کرتی ہے۔