کھیل

سابق کرکٹر بشن سنگھ بیدی کا انتقال

بشن سنگھ بیدی بائیں ہاتھ کے اسپنر تھے جنہوں نے 22 میچوں میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ بیدی 1967 سے 1979 تک ایک فعال کرکٹر رہے۔

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ کے سابق اسپنر بشن سنگھ بیدی نے طویل علالت کے بعد 77 سال کی عمر میں آج پیر کو آخری سانس لی۔ ان کے پسماندگان میں بیوی انجو اور دو بچے نیہا اور انگد ہیں۔

بشن سنگھ بیدی بائیں ہاتھ کے اسپنر تھے جنہوں نے 22 میچوں میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ بیدی 1967 سے 1979 تک ایک فعال کرکٹر رہے۔ انہوں نے 67 ٹیسٹ میچوں میں ہندوستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے 266 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

انہوں نے ہندوستان کے لئے 10 ون ڈے بھی کھیلے اور مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں ہندوستان کے بہترین اسپنروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ وہ ہندوستان کے اسپن بولنگ انقلاب کے معماروں میں سے تھے۔

انہوں نے ایراپلی پرسنا، بی ایس چندر شیکھر اور ایس وینکٹ راگھون کے ساتھ مل کر ہندوستان کی پہلی ون ڈے جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں بیدی بنیادی طور پر دہلی کے لئے کھیلتے تھے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کئی ابھرتے ہوئے ہندوستانی کرکٹرز کے کوچ اور سرپرست کے طور پر کام کیا۔

کرکٹ کے میدان سے دور انہوں نے کمنٹیٹر اور ایک کوچ کے طور پر بھی کام کیا۔

انہیں اکثر ایک ایسے نقاد کے طور پر دیکھا جاتا ہے جنہوں نے کبھی اپنے بیانات پر سمجھوتہ نہیں کیا اور کرکٹ کے کھیل میں بعض موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک واضح موقف اختیار کیا۔

سابق ہندوستانی آل راؤنڈر عرفان پٹھان سمیت کئی کرکٹرز نے لیجنڈری اسپنر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

عرفان نے ایکس پر لکھا، "بشن سنگھ بیدی ہمارے بہترین لوگوں میں سے ایک جو اب نہیں رہے، یہ ہماری کرکٹ برادری کے لیے ایک نقصان ہے۔ ان کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت،”

a3w
a3w