سابق نائب صدر مائیک پنس بھی ٹرمپ کیخلاف میدان میں
مائیک پنس اپنے سابق باس کے خلاف کھڑے ہو گئے ہیں، وہ ڈونالڈ ٹرمپ کے نائب صدر رہے ہیں، اور 6 جنوری کے فسادیوں کے ہاتھوں نقصان سے بال بال بچ گئے تھے۔
واشنگٹن: امریکی الیکشن میں ڈونالڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کے لیے ان کے سابق نائب صدر مائیک پنس بھی میدان میں کود گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق مائیک پنس اپنے سابق باس کے خلاف کھڑے ہو گئے ہیں، وہ ڈونالڈ ٹرمپ کے نائب صدر رہے ہیں، اور 6 جنوری کے فسادیوں کے ہاتھوں نقصان سے بال بال بچ گئے تھے، انھوں نے اگلے سال ریپبلکن صدارتی نامزدگی کے لیے اپنی امیدواری کا اعلان کر دیا ہے۔
پنس نے اگرچہ فیڈرل الیکشن کمیشن میں کاغذات جمع کرا دیے ہیں تاہم وہ بدھ کو اپنی 64 ویں سالگرہ کے موقع پر آئیووا میں ایک تقریب میں باقاعدہ اس کا آغاز کریں گے۔
دی گارجین کے مطابق پنس کے اس قدم کی طویل عرصے سے توقع کی جا رہی تھی لیکن وہ کبھی پولنگ میں نمایاں نہیں رہے، وہ جنوبی کیرولائنا کی سابق گورنر نکی ہیلی کے بعد مقابلے میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
دیگر امیدواروں میں ساؤتھ کیرولائنا کے سینیٹر ٹم سکاٹ، آرکنساس کے سابق گورنر آسا ہچنسن اور بائیوٹیک انٹرپرینیور وویک رامسوامی شامل ہیں۔ ٹرمپ، نکی ہیلی، ران ڈیسانٹس بھی ریپبلکنز نامزدگی حاصل کرنے کے لیے متحرک ہیں۔
رائے عامہ کے جائزوں میں ٹرمپ صدارتی امیدوار کی نامزدگی میں بدستور سرفہرست ہیں، واضح رہے کہ ریپبلکنز نامزدگی حاصل کرنے والا امیدوار آئندہ سال صدر جو بائیڈن کے خلاف الیکشن لڑے گا۔