سماج وادی پارٹی کے سابق ایم ایل اے ابرار احمد کا انتقال
احمد لگاتار دو بار 2012اور2017 میں سماج وادی پارٹی سے سلطان پور کی اسولی اسمبلی سے ایم ایل اے رہے ہیں۔ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے عمر رسیدہ لیڈر کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔
سلطانپور: سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سینئر لیڈر و سابق ایم ایل اے ابرار احمد کا چہارشنبہ دیر شام انتقال ہوگیا۔ وہ 73برس کے تھے۔ سلطان پور میں کڑوار تھانہ علاقے کے اجھوئی گاؤں واقع آبائی گاوں پر کل دیر شام طبیعت بگڑنے پر اہل خانہ انہیں میڈیکل کالج(ضلع اسپتال)لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
احمد لگاتار دو بار 2012اور2017 میں سماج وادی پارٹی سے سلطان پور کی اسولی اسمبلی سے ایم ایل اے رہے ہیں۔ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے عمر رسیدہ لیڈر کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کی تدفین گاؤں میں ہی ہوگی۔
ایس پی کے سینئر رہنما اعظم خان کے بے حد قریبی رہے احمد کو 2012 کے اسمبلی انتخابات میں پہلی بار ایس پی سے اسمبلی کا ٹکٹ ملا اور انہوں نے باہوبلی یش بھدر سنگھ کو ہرایا۔ سال 217 میں دوبارہ ٹکٹ ملا اور مودی لہر کے باوجود بی جے پی کے اوم پرکاش پانڈے بجرنگی کو مات دی۔
سال 2022 کے انتخابات میں خرابی صحت کی وجہ سے ان کو پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا۔ حالانکہ ایس پی امیدوار طاہر خان ان سےآشیرواد لینے پہنچے تو انہوں نے ان کی حمایت کی اور پھر اسولی میں ایس پی نے جیت درج کی۔
احمد اپنے بےتکے اندار اور بیباکی کے لئے مشہور تھے۔ ایم ایل اے رہتے ہوئے انہوں نے لوک سبھا الیکشن میں مینکا گاندھی کا اسٹیج تک سنبھال لیا تھا۔ ان کے انتقال پر ضلع کے ایس پی کارکنوں و علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
سابق ایم ایل اے کے انتقال پر اکھلیش یادو نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا’سلطانپور کی اسولی اسمبلی سے سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سابق ایم ایل اے ابرار احمد کا انتقال کافی تکلیف دہ ہے۔خدا مرحوم کی روح کو تسکین دے۔انہوں نے مغموم اہل خانہ کے تئیں ہمدردی کا اظہار کیا۔