اداکارہ و سابق ایم ایل اے جیہ سدھا بی جے پی میں شامل
تلگو فلموں کی معروف اداکارہ وسابق رکن اسمبلی جیہ سدھا نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ گذشتہ چند دنوں سے خبریں گرم تھی کہ جیہ سدھا نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
حیدرآباد: تلگو فلموں کی معروف اداکارہ وسابق رکن اسمبلی جیہ سدھا نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ گذشتہ چند دنوں سے خبریں گرم تھی کہ جیہ سدھا نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
آج وہ نئی دہلی روانہ ہوئیں اور وہاں وہ پارٹی کے تلنگانہ انچارج ترون چگھ اور صدر بی جے پی تلنگانہ ومرکزی وزیر جی کشن ریڈی کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوگئیں۔
اس موقع پر نائب صدر کل ہند بی جے پی ڈی کے ارونا بھی موجود تھیں۔ قبل ازیں سدھا نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی پارٹی میں شمولیت و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ انہوں نے امیت شاہ کو تیقن دیا کہ وہ بی جے پی کی قیادت کے ساتھ تال میل برقرار رکھتے ہوئے پارٹی کو مقبول عام بنانے کیلئے کام کریں گی۔
ترون چگھ نے اداکارہ کی پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انکا خیر مقدم کیا۔ جیہ سدھا نے کہا کہ وہ گذشتہ ایک سال سے بی جے پی میں شامل ہونے کے متعلق غور کررہی تھیں اور انہیں مودی کی حکومت پر مکمل اعتماد ہے۔
یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ فلم اداکار و سینئر قائد وجئے شانتی کی بی جے پی قیادت سے بڑھتی دوریوں کے درمیان جیہ سدھا کی بی جے پی میں شمولیت اہمیت اختیار کرلی ہے۔