تعلیم و روزگار

اندرا پریہ درشنی گورنمنٹ ڈگری کالج، نامپلی میں فریشرز پارٹی کا شاندار انعقاد

س موقع پر محترمہ داسری مالنی صاحبہ، مسز انڈیا یو ایس اے نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کی شرکت نے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ کیا

حیدرآباد: اندرا پریہ درشنی گورنمنٹ ڈگری کالج، نامپلی میں سال اول کے طالبات کے لیے فریشرز پارٹی کا شاندار اور رنگا رنگ انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب میں طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور مختلف ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر محترمہ داسری مالنی صاحبہ، مسز انڈیا یو ایس اے نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کی شرکت نے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ کیا۔ پروگرام کے دوران مختلف دلچسپ مقابلوں کا اہتمام بھی کیا گیا، جن میں مقابلۂ حسن خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔

مقابلۂ حسن کے فائنل راؤنڈ کی میزبانی محترمہ داسری مالنی صاحبہ نے کی۔۔محترمہ مالنی صاحبہ نے اپنے خطاب میں زندگی ،خوداعتمادی محنت اور لگن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبہ کو مس فریشر کے اعزاز سے نوازتے ہوئے تاج پہنایا گیا۔

تقریب کے دوران دیگر مختلف مقابلوں کا بھی انعقاد عمل میں آیا، جن میں طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ مجموعی طور پر مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ پرنسپل پروفیسر چندرا مکھرجی صاحبہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فریشرز پارٹی کا مقصد نئی طالبات کو تعلیمی ماحول سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی تخلیقی، ثقافتی اور پوشیدہ صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک مؤثر اور خوش گوار پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ تقریب کے کامیاب انعقاد پر کالج انتظامیہ، اساتذہ اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا گیا۔