گروہا لکشمی ہاوزنگ اسکیم برخاست،حکومت کا فیصلہ
منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ہاوزنگ کارپوریشن لمیٹڈ نے اپنے ایک مکتوب میں بتایا کہ حکومت کے6گارنٹیز پروگرام کے تحت ایک نئی ہاوزنگ اسکیم (اندرماں ہاوزنگ اسکیم) پر عمل کیا جارہا ہے۔
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے گروہا لکشمی ہاوزنگ اسکیم ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کردئے ہیں۔ سابق میں بی آر ایس حکومت کی جانب سے اراضی امکنہ کے مالکین کو مکانات کی تعمیر میں مدد کرنے کیلئے گروہا لکشمی ہاوزنگ اسکیم شروع کی گئی تھی۔
اس اسکیم کے تحت حکومت نے چار لاکھ مکانات کی تعمیر کو منظوری دی تھی اور غریب بے گھر، بے سہارا افراد کو باعزت اور پروقار زندگی بسر کرنے کیلئے فی کس تین لاکھ روپے سبسیڈی پر مشتمل قرض منظور کیا جاتا تھا۔
اس اسکیم کے لئے رہنمایانہ خطوط کی تدوین کے بعد ضلع کلکٹرس نے 2,12,095 افراد کو گروہا لکشمی ہاوزنگ اسکیم کے تحت منظوری دی تھی۔ منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ہاوزنگ کارپوریشن لمیٹڈ نے اپنے ایک مکتوب میں بتایا کہ حکومت کے6گارنٹیز پروگرام کے تحت ایک نئی ہاوزنگ اسکیم (اندرماں ہاوزنگ اسکیم) پر عمل کیا جارہا ہے۔
جس کے تحت غریب عوام کو اپنی امکنہ اراضی پر مکان کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپے جاری کئے جائیں گے۔ اس لئے قدیم گروہا لکشمی ہاوزنگ اسکیم کی ضرورت نہیں ہے۔