ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں جی ایس ٹی اصلاحات کا بھرپور خیر مقدم
ہاؤسنگ اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ نے اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرحوں میں چہار طرفہ کٹوتی کے ساتھ ساتھ اس بالواسطہ ٹیکس نظام میں جامع اصلاحات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بازار میں کافی تیزی آئے گی۔
نئی دہلی: ہاؤسنگ اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ نے اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرحوں میں چہار طرفہ کٹوتی کے ساتھ ساتھ اس بالواسطہ ٹیکس نظام میں جامع اصلاحات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بازار میں کافی تیزی آئے گی۔
ریئل اسٹیٹ ڈیولپر کمپنیوں کی تنظیم ناریڈکو کے قومی صدر جی ہری بابو نے کہا کہ ’’جی ایس ٹی کو منطقی بنانے کا یہ قدم کافی اہم ہے اور ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ ٹیکس نظام کو مزید آسان اور متوازن بنانے کی حکومت کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کا یہ واضح عزم ملک کے جی ڈی پی کی حوصلہ افزائی کرے گا اور معیشت پر اعتماد کو بھی مضبوط کرے گا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اس قدم سے رئیل اسٹیٹ اور متعلقہ صنعتوں کو بڑی راحت ملی ہے۔ سیمنٹ اور اسٹیل جیسے بڑے تعمیراتی مواد پر کم جی ایس ٹی سے لاگت میں کمی آئے گی اور یہ پروجیکٹوں کو مزید عملی بنائے گا۔
اس سے سب سے زیادہ فائدہ افورڈیبل (کفایتی) ہاؤسنگ کو ہوگا کیونکہ لاگت کم ہونےکے فوائد براہ راست گھر کے خریداروں تک پہنچانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ اس سے گھر کی خریداری قابل رسائی ہو جائے گی اور حکومت کے ’ہاؤسنگ فار آل‘ وژن کو تقویت ملے گی۔ ان اصلاحات سے پورے ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر سیکٹر کو فائدہ پہنچے گا۔
مسٹر ہری بابو نے کہا کہ اس فیصلے کا وقت بھی کافی اہم ہے۔ آنے والے تہواروں کے سیزن کے پیش نظر اس فیصلے سے صارفین کا اعتماد بڑھے گا۔ نئی مانگ کا ابھرنا معیشت کے لیے ایک مضبوط بوسٹر کا کام کرے گا اور خریداروں کو راحت فراہم کرے گا اور ڈیولپرز کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ یہ قدم صارفین، صنعتوں اور ملک کی ترقی کے سفر کے لیے فائدہ مند ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ترقی پسندانہ قدم طویل مدت میں ہندوستان کی معیشت کو رفتار دے گا۔
ہیرانندنی گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر نرنجن ہیرانندنی نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں کے لیے، سیمنٹ اور اسٹیل جیسے اہم تعمیراتی سامان پر جی ایس ٹی کو 28 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کرنا ایک تاریخی اصلاح ہے۔ اس سے اشیا کی قیمت میں نمایاں کمی آئے گی، پروجیکٹوں کی عملداری میں بہتری آئے گی اور ملک بھر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تیزی آئے گی۔
خاص طور پر سستے مکانوں کو فائدہ ہو گا کیونکہ تعمیراتی لاگت میں کمی کا فائدہ گھر خریدنے والوں تک پہنچایا جا سکے گا۔ اس سے حکومت کے ’’سبھی کے لئے گھر‘‘ کے وژن کو بھی تقویت ملے گی۔
ٹیکس کی شرحوں میں یہ تبدیلیاں نہ صرف ڈیولپرز بلکہ صارفین، ہاؤسنگ سیکٹر اور ہندوستان کی طویل مدتی ترقی کی کہانی کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔ جی ایس ٹی کو معقول بنانے کا فیصلہ حکومت کی جانب سے صارفین کے لیے دیوالی کا تحفہ ہے اور اس سے معیشت کو اسٹریٹجک فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی میں کمی سے کھپت کی مانگ میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی سے مارکیٹ پر کافی اثر پڑے گا۔ ان کا اندازہ ہے کہ اس سے ہندوستانی معیشت کو آٹھ فیصد تک بڑھنے میں مدد ملے گی اور ہندوستانی معیشت کے بارے میں دنیا کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔