شمالی بھارت

گجرات کیبل بریج حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد پہنچی 137 تک

مقام حادثہ پر بچاؤ اقدامات زور و شور سے جاری ہیں، وہیں فوج، بحریہ، فضائیہ، این ڈی آر ایف، اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔

موربی: گجرات کے موربی میں کیبل بریج گرنے کے حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد پیر کی صبح تک بڑھ کر 137 ہو گئی ہے اور اب تک تقریباً 177 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔

مقام حادثہ پر بچاؤ اقدامات زور و شور سے جاری ہیں، وہیں فوج، بحریہ، فضائیہ، این ڈی آر ایف، اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔

گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مرکزی اور ریاستی حکومتی ایجنسیاں ایک دوسرے کے تعاون کے ساتھ بچاؤ اور راحت کاری اقدامات میں مصروف ہیں۔

ریاستی وزیر داخلہ ہرش سنگھاوی نے یقین دلایا کہ اس واقعہ کے بعد موربی کیبل بریج کی انتظامیہ ٹیم کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی سی کی دفعہ 304، 308 اور 114 کے تحت پل کی انتظامی ٹیم پر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ریاستی وزیر داخلہ ہرش سنگھاوی نے بتایا کہ ایس ڈی آر ایف اور پولیس، ریسکیو آپریشن کے لئے پہلے سے ہی اس مقام پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گجرات کے موربی میں ماچھو ندی پر واقع جھولتا پل (کیبل بریج) اتوار کی شام کو اچانک گر پڑا تھا جس میں قبل ازیں 35 لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی تھی۔ تاہم تلاشی مہم جیسے جیسے آگے بڑھی، امدادی کارکنوں نے مزید لاشیں برآمد کیں۔ ہلاکتوں کی تعداد اب 137 بتائی جاتی ہے۔

ضلع انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ پل ٹوٹنے سے سینکڑوں لوگ ماچھو ندی میں گر گئے جو اس وقت کیبل بریج پر بغرض تفریح آئے تھے۔

پولس نے بتایا کہ ماچھو ندی پر جھولتا پل شام تقریباً 7.30 بجے اچانک ٹوٹ گیا، جس کی وجہ سے لوگ ندی میں گر گئے۔ پل پر آنے والے زیادہ تر چھٹ پوجا کے لئے آئے تھے۔

a3w
a3w