انکت شرما قتل مقدمہ میں گلفام اور شعیب باعزت بری
اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس (اے پی سی آر) نے 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات سے متعلق انٹلیجنس بیورو (آئی بی) کے عہدیدار انکت شرما قتل مقدمہ میں ایک اہم قانونی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملزمین گلفام اور شعیب کو باعزت بری کرا لیا ہے۔
نئی دہلی: اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس (اے پی سی آر) نے 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات سے متعلق انٹلیجنس بیورو (آئی بی) کے عہدیدار انکت شرما قتل مقدمہ میں ایک اہم قانونی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملزمین گلفام اور شعیب کو باعزت بری کرا لیا ہے۔
یہ اطلاع پریس کے لیے جاری ایک ریلیز میں دی گئی۔یہ فیصلہ معزز ایڈیشنل سیشنس جج پروین سنگھ کی عدالت‘ کرکرڈوما کورٹ‘ دہلی نے 13 جولائی 2026 کو سیشنس کیس نمبر 120/20 (ریاست بنام محمد طاہر حسین و دیگر) میں سنایاجو ایف آئی آر نمبر 65/2020، پولیس اسٹیشن دیال پور کے تحت درج کیا گیا تھا۔
ابتدائی مرحلہ سے ہی اے پی سی آر نے اپنے ماہر وکلاء کے پیانل کے ذریعہ گلفام اور شعیب کو مستقل قانونی معاونت اور مؤثر دفاع فراہم کیا۔ کئی برسوں پر محیط عدالتی کارروائی کے دوران تنظیم نے نہ صرف دستورِ ہند کے تحت حاصل منصفانہ سماعت کے بنیادی حق کے تحفظ کے لیے بھرپور قانونی جدوجہد کی بلکہ اس امر کو بھی یقینی بنایا کہ مقدمہ کی سماعت مکمل طور پر قانون‘ شواہد اور عدالتی اصولوں کے مطابق انجام پائے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ موجودہ فیصلہ سے قبل اے پی سی آر نے اسی مقدمہ سمیت 2020 کے دہلی فسادات سے متعلق متعدد مقدمات میں گلفام اور شعیب کے حق میں ضمانتیں حاصل کر کے ان کے قانونی حقوق کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ موجودہ حالات میں ملزمین کا بری ہونا اس مسلسل قانونی جدوجہد کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔اس مقدمہ میں اے پی سی آر کی جانب سے ایڈوکیٹ راجیو موہن کی قیادت میں تارا نرولا‘ سونل سردا اور شیوانگی شرما نے عدالت میں مؤثر پیروی کی۔
وکلاء کی ٹیم نے قانونی نکات‘ شواہد کے تجزیہ اور مدلل دلائل کے ذریعہ مقدمہ کی بھرپور نمائندگی کی جس کے نتیجہ میں عدالت نے گلفام اور شعیب کو باعزت بری کرنے کا فیصلہ صادر کیا۔اس موقع پر اے پی سی آر کے قومی سکریٹری ندیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ مؤثر‘ آزاد اور معیاری قانونی نمائندگی تک رسائی ہر شہری کا بنیادی دستوری حق ہے اور فوجداری نظامِ انصاف کی بنیاد بھی اسی اصول پر قائم ہے۔
ان کے مطابق تنظیم کا ماننا ہے کہ انصاف کا تقاضہ یہی ہے کہ ہر ملزم کو قانون کے مطابق اپنا مؤقف پیش کرنے‘ مؤثر قانونی دفاع حاصل کرنے اور غیر جانبدار عدالتی کارروائی سے گزرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے۔اے پی سی آر نے اس عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے تمام افراد کو قانونی معاونت فراہم کرتی رہے گی جو فوجداری مقدمات کا سامنا کر رہے ہوں تاکہ دستورِ ہند‘ قانون کی حکمرانی اور انصاف کے بنیادی اصولوں کے مطابق ہر فرد کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔