حیدرآباد

منتخب امیدواروں میں احکام تقررات حوالے،ملازمین کو  چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نصیحت

ریونت ریڈی نے سابق چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نظر میں اپنے افراد خاندان کی ترقی کو ریاست کی ترقی کے طور پر دکھایا گیا میرا سوال ہے کہ انہوں نے 2015 میں جاری نوٹیفکیشن کے ذریعہ منتخب امیدواروں کا تقرر کیوں نہیں کیا۔

حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج مختلف محکموں میں تقررات کے سلسلہ میں منتخب امیدواروں میں احکام تقررات تقسیم کئے۔شلپا کلا ودیکا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا سابق بی آر یس حکومت نے مختلف محکموں میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیے تاہم نوکریاں دینے کی ذمہ داری محسوس نہیں کی۔

متعلقہ خبریں
ویڈیو: تلنگانہ بھون میں کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں میں تصام
دسہرہ سے قبل تلنگانہ کا بینہ میں توسیع کی منظوری متوقع
اروند کجریوال،سرکاری قیامگاہ سے نئے بنگلے میں منتقل
ریونت ریڈی ایک جنونی اور بدمزاج شخص: ایٹالہ راجندر
چیف منسٹر ریونت ریڈی بدمعاش بی جے پی ایم پی ای راجندر کا الزام

صرف نوجوانوں کو انتظار کروایا اور نوجوان نوکریوں کا انتظار کرتے رہے یہاں تک کہ انکا بی آر ایس حکومت پر سے اعتماد ختم ہو گیا۔ چیف منسٹر نے کہا جب نوجوانوں نے بیروزگاری کے خلاف اعلان جنگ کراتے ہوئے سائرن بجایاتو میں نے ان سے کہا تھا کہ آپ کو  نوکریاں اسی وقت  ملیں گی جب بی آر ایس حکومت کو گھر واپسی کا راستہ دکھایا جائے گا۔

آپ لوگوں نے ہماری باتوں پر بھروسہ کیا اور کانگریس کو کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے حکومت بنانے کا موقع دیا۔ چیف منسٹر نے کہا ریاست میں عوامی حکومت کے قیام کے بعد اندروں 90 دن ہم نے جس جگہ حلف اٹھایا تھا وہاں 30 ہزار افراد کو احکام تقررات جاری کئے۔

 اب ہم نے دسہرہ تہوار کے پس منظر آج مزیداحکام تقررات جاری کر رہے ہیں تاکہ تلنگانہ کے ہر خاندان میں خوشی کا ماحول دیکھا جا سکے۔ چیف منسٹر نے کہا آج 1635 منتخب امیدواروں میں تقررات کے احکام تقسیم کرنے پر میں بیحد خوش ہوں میں آپ کی خوشی اور آپ کے گھر والوں کی خوشی آپ کی تالیوں میں دیکھ رہا ہوں۔

 میرا ماننا ہے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا آپ کا طویل انتظار پر مبنی خواب آج پورا ہو رہا ہے ریونت ریڈی نے کہا تلنگانہ کی تشکیل سینکڑوں  قربانیوں کے بعد ممکن ہوئی۔اور آج آپ خوابوں کی ریاست تلنگانہ کی تعمیر نو کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

یہ صرف ایک کام نہیں ہے یہ ایک جذبہ اورذمہ د اری ہے میرا آپ کو مشورہ ہے کہ آپ کو موک شگنڈم وشویشوریا جیسے انجینئروں کی تقلید کرنی چاہئے جنہوں نے حیدرآباد کے لاکھوں لوگوں کی پیاس بجھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ چیف منسٹر نے کہا حیدرآباد میں سینکڑوں سال قبل تعمیر کی گئی شاندار عمارتیں ہیں ایک طرف سو سال کا تجربہ ہے تو دوسری طرف گزشتہ دس سالوں کے دوران کی گئی شرارتیں ہیں۔

 آپ کو غور کرنا چاہیے کہ سابق حکمرانوں نے کس طرح کالیشورم کو ایک آئیڈیل پروجیکٹ بنانے کے نام پر دھوکہ دیا اور وہ لوگ بھی آپ کے سامنے ہیں جنہوں نے ناگرجنا ساگر کو ایک آئیڈیل پروجیکٹ کی طرح تعمیر کیا۔ چیف منسٹر نے کہا میرا آپ لوگوں کو مشورہ ہے کہ ملازمت میں شامل ہونے سے ریٹائرڈ ہونے تک ایک جیسا رویہ اختیار کریں اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔

 آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کا اعتماد برقرار رکھیں۔ ریونت ریڈی نے سابق چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نظر میں اپنے افراد خاندان کی ترقی کو ریاست کی ترقی کے طور پر دکھایا گیا میرا سوال ہے کہ انہوں نے 2015 میں جاری نوٹیفکیشن کے ذریعہ منتخب امیدواروں کا تقرر کیوں نہیں کیا۔

  چیف منسٹر نے کہا ہم 9 اکتوبر کو ڈی ایس سی میں منتخب 11,063 امیدواروں میں احکام تقررات جاری کریں گے۔یہ ہمارا اخلاص ہے یہ ہماری ذمہ داری ہے ہم نے ہر بدعنوانی کو صاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ریور فرنٹ کی ترقی آپ کے ہاتھوں سے ہونے والی ہے چاہے کوئی بھی رکاوٹیں پیدا کرے ہم اس پروجیکٹ کو مکمل کر کے رہیں گے۔

انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ ہر اچھے کام  میں رکاوٹ نہ بنیں موسیٰ ندی  کے متاثرین کی مدد کرنے کے بارے میں تجاویز فراہم کریں۔انہوں نے کہا موسیٰ ندی کے نام پر اوچھی سیاست ٹھیک نہیں ہے۔

 اس تقریب میں وزراء پنگولیٹی سرینواس ریڈی، پونم پربھاکر، ٹی  ناگیشور راؤ، سیتااکا، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، کونڈا سریکھا، حکومتی مشیر ویم نریندر ریڈی، کے کیشو راؤ، کسان کمیشن کے چیئرمین کودنڈا ریڈی، ایم ایل ایز، ایم ایل سیز، مختلف کارپوریشن کے چیرمین، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔چیف منسٹر نے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرز، ایگریکلچر آفیسرز، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز، لائبریرین اور ویٹرنری اسسٹنٹ سرجنس کے لیے منتخب 1635 امیدواروں میں احکام تقررات تقسیم کئے۔

a3w
a3w