اِس شکست کو ہضم کرنا مشکل: ایڈن مارکرم
مارکرم نے میچ کے بعد کہاکہ یہ بہت مشکل ہے۔ ہمیں میچ کے آخری حصے میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت تھی لیکن سب کچھ غلط ہو گیا۔ اس شکست کو ہضم کرنا مشکل ہے۔
حیدرآباد: کولکتہ نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے ہاتھوں پانچ رن کی شکست کے بعد افسردہ نظر آنے والے سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ اس شکست کو ہضم کرنا ان کے لیے مشکل ہوگا کے کے آر نے جمعرات کو سن رائزرز کے سامنے 172 رن کا ہدف رکھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم صرف 166 رن تک ہی پہنچ سکی۔
سن رائزرز کو آخری پانچ اووروں میں 38 رن درکار تھے۔ مارکرم کی ٹیم نے 10 میں سے 9 بار یہ میچ جیت لیا ہوتا لیکن اس بار اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
مارکرم نے میچ کے بعد کہا، ’’یہ بہت مشکل ہے۔ ہمیں میچ کے آخری حصے میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت تھی لیکن سب کچھ غلط ہو گیا۔ اس شکست کو ہضم کرنا مشکل ہے۔
سن رائزرز ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 54 رن پر چار وکٹیں گنوا بیٹھے، جس کے بعد مارکرم اور ہینرک کلاسن نے مل کر اننگز کو سنبھالا۔ کلاسین نے 20 گیندوں پر 36 رن بنائے، حالانکہ مارکرم کو رن بنانے کے لیے جدوجہد کرنی پڑی اور 17ویں اوور میں آؤٹ ہونے سے قبل 40 گیندوں پر صرف 41 رن ہی بنا سکے۔
مارکرم نے کہا، “کلاسین نے بہت اچھی بلے بازی کی۔ میں نے شروع میں جدوجہد کی اور یہی ہماری شکست کی ایک وجہ بھی رہی۔ گیند بازوں نے بھی بہت اچھی کارکردگی دکھائی۔ ہم نے خود کو میدان میں جھونک دیا تھا۔ بلے بازوں نے بھی اچھی شروعات کی۔ اس شکست کو قبول کرنا مشکل ہے۔
سن رائزرز اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں چھ پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے اور اس کا اگلا میچ اتوار کو راجستھان رائلز کے خلاف ہوگا۔ سن رائزرز کو پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے اپنے اگلے تمام میچ جیتنے ہوں گے اور مارکرم نے کہا کہ وہ اس شکست سے سبق سیکھ کر ضرور واپسی کریں گے۔
انہوں نے کہا، ’’ہم یقینی طور پر اس سے سبق حاصل کریں گے۔ اگر ہم اپنے منصوبوں کو عملی جامہ نہیں پہنا سکے تو ہم نیٹ پر واپس جائیں گے اور بہتر منصوبے بنائیں گے۔ یہ کھلاڑی پہلے بھی اس گراؤنڈ پر کھیل چکے ہیں اس لیے ہم جانتے ہیں کہ گراؤنڈ سے کیا امید رکھنی ہے۔
امید ہے کہ مشکل حالات میں ہم اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوں گے اور چاروں میچ جیت کر خود کو (پلے آف تک پہنچنے کا) ایک موقع فراہم کریں گے۔