غزہ میں قتل عام کو تماشائی بنے دیکھنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی: ابوعبیدہ
ترجمان القسام بریگیڈز کا کہنا تھا کہ۔دشمن قائدین کو مایوسی اور تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، درحقیقت حملہ آوروں کا غزہ میں ہماری مزاحمت کو ختم کرنا محض ایک خواب ہے۔
غزہ: ترجمان القسام بریگیڈز ابوعبیدہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے شہریوں کے قتل عام کو تماشائی بنے دیکھنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی اور وہ اللہ کی نظر میں سزا وار ٹھہریں گے۔
تفصیلات کے مطابق القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے مجاہدین 38 ویں روزبھی قابض صیہونی ٹینکوں کےخلاف مزاحمت کر رہےہیں اور جنگجو زیر زمین، زمین پر اورملبے کے نیچے سے حملے کرکے دشمن کو سرپرائز دے رہے ہیں، دشمن کے ٹینکوں اور بلڈوزروں کو تباہ کررہے ہیں۔
ترجمان القسام بریگیڈز کا کہنا تھا کہ۔دشمن قائدین کو مایوسی اور تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، درحقیقت حملہ آوروں کا غزہ میں ہماری مزاحمت کو ختم کرنا محض ایک خواب ہے۔
مجاہدین کی پر اعتمادی، فلسطین کے معاملےمیں امت کی ذمہ داری کو ختم نہیں کر دیتی، تمام مسلمان مسئلہ فلسطین کے ذمہ دار ہیں۔غزہ کے شہریوں کے قتل عام کو تماشائی بنے دیکھنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی اور وہ اللہ کی نظر میں سزا وار ٹھہریں گے۔
یاد رہے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل سے پانچ روزہ جنگ بندی کے بدلے ستر یرغمال خواتین و بچوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی تھی ، ابوعبیدہ نے آڈیو پیغام میں کہا قطری ثالثیوں کو بتا دیا ہے یرغمالیوں کی رہائی کی صورت میں ہرانسانی امداد کی اجازت ہونی چاہیے۔
ابوعبیدہ کا مزید کہنا تھا اسرائیلی فوج نے صرف ایک ہی مقصد حاصل کیا ہے اور وہ قتل عام اورمظالم ہے، دشمن کو ایک دن یا ایک گھنٹہ بھی سکون نہیں ملےگا اورجارحیت کی قیمت چکائے گا۔