تلنگانہ

آر ٹی سی کنڈکٹر اور ڈرائیور کی ایمانداری، بس میں بھولے 3 لاکھ روپے مسافر کو واپس

تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کی خاتون کنڈکٹر اور ڈرائیور نے ایمانداری اور انسانیت کی مثال قائم کرتے ہوئے بس میں بھولے ہوئے 3 لاکھ روپے مسافر کو واپس کردیئے۔

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کی خاتون کنڈکٹر اور ڈرائیور نے ایمانداری اور انسانیت کی مثال قائم کرتے ہوئے بس میں بھولے ہوئے 3 لاکھ روپے مسافر کو واپس کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق تاجر جہانگیر اپنی اہلیہ کے ساتھ شاد نگر سے بس میں سوار ہوئے تھے۔ سفر کے دوران وہ 3 لاکھ روپے نقد سے بھرا بیگ بس میں ہی بھول گئے اور افضل گنج میں بس سے اتر گئے۔

بس میں موجود کنڈکٹر سریتا اور ڈرائیور نرسمہلو کی نظر جب بیگ پر پڑی تو انہوں نے اسے محفوظ کرلیا اور مسافر کے واپس آنے کا انتظار کرنے لگے، تاکہ رقم اس کے حوالے کی جاسکے۔

دوسری جانب جہانگیر کو جب احساس ہوا کہ وہ اپنا بیگ بس میں بھول گئے ہیں تو وہ فوری طور پر بس اسٹینڈ پہنچے۔ وہاں کنڈکٹر اور ڈرائیور نے ضروری تفصیلات کی تصدیق کے بعد 3 لاکھ روپے کی مکمل رقم جہانگیر کے حوالے کردی۔

جہانگیر نے رقم واپس کرنے پر کنڈکٹر سریتا اور ڈرائیور نرسمہلو کا شکریہ ادا کیا اور ان کی ایمانداری کی ستائش کی۔

آر ٹی سی ملازمین کے اس اقدام کو سراہا جارہا ہے۔ ان دونوں ملازمین نے اپنی ذمہ داری اور فرض شناسی کے ساتھ ایمانداری اور انسانیت کی ایک قابلِ تقلید مثال پیش کی ہے۔