حوثی باغیوں کا سعودی عرب کے ابہا ایئرپورٹ پر میزائل اور ڈرون حملہ
حملے کے بعد حوثی ملیشیا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں سعودی فضائی حدود استعمال کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان کے اس انتباہ کو انتہائی سنجیدگی سے لیں۔ رپورٹس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے یہ کارروائی یمن کی سعودی حمایت یافتہ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز حوثیوں کے زیرِ انتظام صنعا ایئرپورٹ پر کیے گئے حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
ریاض: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں واقع ابہا ایئرپورٹ کو متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔
حملے کے بعد حوثی ملیشیا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں سعودی فضائی حدود استعمال کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان کے اس انتباہ کو انتہائی سنجیدگی سے لیں۔ رپورٹس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے یہ کارروائی یمن کی سعودی حمایت یافتہ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز حوثیوں کے زیرِ انتظام صنعا ایئرپورٹ پر کیے گئے حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
دوسری جانب، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے پر ہونے والے اس بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے حوثی ملیشیا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا کہ حوثی ملیشیا کا یہ دہشت گردانہ حملہ بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ خطے کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے، معصوم شہریوں اور اہم ترین شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوششوں کا ثبوت ہے۔
سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ حوثی ملیشیا کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف ایک مضبوط، مؤثر اور فیصلہ کن موقف اپنائے تاکہ ان جارحانہ کارروائیوں کو روکا جا سکے اور ذمہ دار عناصر کا محاسبہ کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کا امن و استحکام خلیج تعاون کونسل کے تمام رکن ممالک کا مشترکہ امن ہے، اور کونسل سعودی عرب کی سلامتی، شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔