تلاسانی کی بی جے پی میں آنے کی خبروں پر راجہ سنگھ کا بیان
گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے بی آر ایس کے سینئر قائد اور سابق وزیر تلاسانی سرینواس یادو کے بی جے پی میں شامل ہونے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
حیدرآباد: گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے بی آر ایس کے سینئر قائد اور سابق وزیر تلاسانی سرینواس یادو کے بی جے پی میں شامل ہونے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلاسانی اور ان کے فرزند سائی کرن یادو کے بی جے پی میں شامل ہونے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور یہ محض فرضی خبریں ہیں۔
واضح رہے کہ خیریت آباد کے رکن اسمبلی دانم ناگیندر کے خلاف پارٹی انحراف کے معاملے میں ہائی کورٹ کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کے بعد حلقہ میں ضمنی انتخاب ناگزیر ہوگیا ہے۔ اسی پس منظر میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ تلاسانی سرینواس یادو بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں اور ان کے فرزند سائی کرن یادو کو بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔
ان اطلاعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے پاس پہلے سے ہی کئی مضبوط اور اہل قائدین موجود ہیں۔ پارٹی میں پرانے اور نئے دونوں طرح کے امیدوار ہیں، اس لیے دوسری جماعت سے امیدوار لانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیریت آباد کے رائے دہندے اس مرتبہ بی جے پی کے حق میں دکھائی دے رہے ہیں اور پارٹی کو کامیابی حاصل ہونے کی پوری امید ہے۔