دہلی

میں صدر کے عہدہ کا الیکشن نہیں لڑوں گا: اشوک گہلوٹ

گہلوٹ نے کہا کہ کانگریس کی روایت رہی ہے کہ لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر کے انتخاب میں ایک سطرکی قرارداد منظور کی جاتی ہے، لیکن راجستھان میں قانون ساز پارٹی کی میٹنگ سے پہلے جو کچھ ہوا وہ کانگریس کی روایت کے خلاف ہے۔

نئی دہلی: کانگریس صدر کے عہدہ کی دوڑ میں طویل عرصے سے خبروں میں رہنے والے راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے آج واضح کردیا کہ وہ اب صدر کے عہدے کا الیکشن نہیں لڑیں گے۔

گہلوٹ نے یہاں کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ راجستھان میں اتوار کو پیدا ہونے والا سیاسی بحران بدقسمتی تھا، ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا اور اس کے لئے انہوں نے محترمہ گاندھی سے معافی مانگ لی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسے ماحول میں کانگریس صدر کے عہدہ کے لیے انتخاب نہیں لڑ سکتے اور انہوں نے اس بارے میں محترمہ گاندھی کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہناتھا کہ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کو بھی انہوں نے اس کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔

سیاسی گھمسان کے درمیان راجستھان کا وزیر اعلی بنے رہنے سے متعلق سوال پر مسٹر گہلوت نے کہا کہ یہ فیصلہ ہائی کمان کا ہوتا ہے اوروہ وزیر اعلی کے طور پر برقرار رہیں گے یا نہیں، یہ فیصلہ کانگریس ہائی کمان کو کرنا ہے اور وہ فیصلے پر عمل کریں گے۔

گہلوت نے کہا کہ کانگریس کی روایت رہی ہے کہ لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر کے انتخاب میں ایک سطرکی قرارداد منظور کی جاتی ہے، لیکن راجستھان میں قانون ساز پارٹی کی میٹنگ سے پہلے جو کچھ ہوا وہ کانگریس کی روایت کے خلاف ہے۔