مشرق وسطیٰسوشیل میڈیا

استنبول میں زلزلے کے دوران بھی لائیو شو نہ رکا، اینکر کی بہادری نے سب کو حیران کردیا

ترکی میں چہارشنبہ کے روز 6.2 شدت کا شدید زلزلہ آیا جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس زلزلے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مغربی ترکی میں عمارتیں لرز اٹھیں اور کاروں کے الارم خود بخود بجنے لگے۔

انقرہ: ترکی میں چہارشنبہ کے روز 6.2 شدت کا شدید زلزلہ آیا جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس زلزلے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مغربی ترکی میں عمارتیں لرز اٹھیں اور کاروں کے الارم خود بخود بجنے لگے۔

زلزلے کا مرکز استنبول سے تقریباً 40 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا اور اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی، جس کی وجہ سے اس کے جھٹکے زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔

سب سے ہولناک منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب سی این این ترکی کی نیوز اینکر لائیو شو کر رہی تھیں۔ شو کے دوران اچانک زلزلے کے جھٹکے شروع ہو گئے، پورا اسٹوڈیو لرزنے لگا، لیکن خاتون اینکر نے اپنے ہوش و حواس پر قابو رکھتے ہوئے بہادری سے نیوز پڑھنا جاری رکھا۔

ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے چہرے پر خوف کے آثار نمایاں تھے، مگر انہوں نے نیوز ٹیبل کو مضبوطی سے تھامے رکھا اور براہ راست نشریات جاری رکھی۔

اینکر نے لائیو شو میں کہا:”ابھی ابھی بہت شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، استنبول میں بھی جھٹکوں کی شدت کافی زیادہ تھی۔”

یہ مکمل منظر کیمرے میں قید ہو گیا اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ لوگ اس اینکر کی ہمت اور پیشہ ورانہ جذبے کو سراہ رہے ہیں۔

ترک ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کے مطابق، زلزلے کے بعد کئی علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے تحت عمارتیں خالی کرا لی گئیں۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم امدادی ٹیمیں صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا عمل جاری ہے۔