شمالی بھارت

ایودھیا میں بی جے پی کو ہراکر انڈیا بلاک نے رام مندر تحریک کو شکست دی: راہول گاندھی

کانگریس قائد راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن کہا کہ انڈیا بلاک نے ایودھیا میں بی جے پی کو ہراکرایل کے اڈوانی کی رام مندرتحریک کو شکست دے دی۔

احمدآباد: کانگریس قائد راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن کہا کہ انڈیا بلاک نے ایودھیا میں بی جے پی کو ہراکرایل کے اڈوانی کی رام مندرتحریک کو شکست دے دی۔

متعلقہ خبریں
انڈیا بلاک کا اتحاد ہریانہ میں نئی تاریخ رقم کرسکتا ہے: اکھلیش
اتم کمار ریڈی سے راہول گاندھی کا اظہار تعزیت
رام مندر کے درشن کیلئے پاکستان سے عقیدت مندوں کی آمد
راہول گاندھی کی انتخابی مہم پر پابندی لگائی جائے: بی جے پی
مودی حکومت، صنعتکاروں کے لئے کام کرتی ہے: راہول گاندھی

انہوں نے اعتماد ظاہرکیاکہ اگلے الیکشن گجرات میں بھگواجماعت کا یہی حشر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کانگریس کو للکارا اور دھمکایا ہے لیکن اس نے گجرات میں بھگواجماعت اور نریندرمودی کو ایودھیا جیسی شکست دے دی۔ راہول گاندھی احمدآباد میں پارٹی ورکرس سے خطاب کررہے تھے۔

چند دن قبل گجرات پردیش کانگریس دفتر کے باہر کانگریس اور بی جے پی ورکرس میں جھڑپ ہوئی تھی۔ بھگواجماعت کے ورکرس ہندؤوں کے تعلق سے راہول گاندھی کے ریمارکس کے خلاف احتجاج کرنے وہاں پہنچ گئے تھے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے ہمیں للکارا ہے‘ دھمکایاہے‘ ہمارے دفتر کو نقصان پہنچایا ہے۔

میں آپ سے کہناچاہوں گا کہ ہم متحدہ طور پر اس حکومت کو اسی طرح توڑنے جارہے ہیں جس طرح انہوں نے ہمارے دفتر کو توڑا ہے۔ لکھ کررکھ لیں کانگریس گجرات الیکشن لڑے گی اور نریندرمودی اور بی جے پی کو گجرات میں ایودھیا جیسی شکست دے گی۔

کانگریس گجرات جیتے گی اور اس ریاست سے ہم نئی شروعات کریں گے۔ راہول گاندھی نے اترپردیش کی فیض آباد لوک سبھا نشست سے جہاں ایودھیا واقع ہے‘ بی جے پی کی شکست پر وزیراعظم نریندرمودی کو نشانہئ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں بی جے پی کو ہراکرانڈیابلاک نے رام مندر کی تحریک کو شکست دی جو بی جے پی کے سینئر رہنما ایل کے اڈوانی نے چلائی تھی۔

راہول گاندھی نے کہا کہ میں بہت بڑی بات کہہ رہا ہوں۔ کانگریس پارٹی اور انڈیابلاک نے بی جے پی والوں کو ایودھیا میں ہرایا ہے۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا نے کہا کہ کانگریس‘ بی جے پی کو گجرات میں ہرائے گی کیونکہ مودی کے ویژن کا غبارہ پھٹ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں وزیراعظم سے پوچھا کہ آیا وہ ہم جیسے انسان ہیں‘ کیونکہ انہوں نے خود کو غیرطبعی بتایاتھا اور بھگوان سے راست کنکشن کی بات کہی تھی۔ میں نے ان سے پوچھا کہ اگر بھگوان سے آپ کا راست کنکشن ہے تو پھر ایودھیا میں آپ کی ہار کیسے ہوئی۔

وزیراعظم کا ماننا ہے کہ ہرکوئی‘ گجرات کے لوگ گاندھی جی‘کسان اور بھارت کے مزدور طبعی ہیں جبکہ نریندرمودی غیرطبعی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی غیرطبعی شخص مزدوروں اور گجرات کی ہیرا صنعت میں کام کرنے والوں کا درد کیسے سمجھ سکتا ہے۔ آپ نے تصور تک نہیں کیاہوگاکہ بی جے پی ایودھیا میں ہارے گی یا وارانسی سے مودی معمولی اکثریت سے جیتیں گے۔ یہ لوگ ایودھیا کی طرح گجرات میں ہارنے والے ہیں۔

گجراتیوں نے ڈرے بغیر لڑائی لڑی تو بی جے پی ان کے سامنے ٹک نہیں پائے گی۔ کانگریس قائد نے کہا کہ مودی ایودھیا سے الیکشن لڑناچاہتے تھے لیکن سروے کرنے والے ان کے آدمیوں نے انہیں مشورہ دیاکہ وہ ایسا نہ کریں کیونکہ یہاں انہیں شکست ہوگی اور ان کا سیاسی کیرئیرختم ہوجائے گا۔

انہوں نے فیض آباد کے نومنتخب رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد کے حوالہ سے یہ بات کہی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وارانسی میں ہم سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ورنہ ہم انہیں وہاں سے بھی ہرادیتے۔ ایودھیا کے لوگ مودی سے اس لئے خفاہیں کہ انہیں ان کی زمینوں‘ دکانوں اور مکانوں کا معاوضہ نہیں ملا۔ ایودھیا کے لوگ اس لئے بھی بھڑکے ہوئے تھے کہ ایودھیا کے کسی بھی شخص کو رام مندرکی افتتاحی تقریب میں نہیں بلایاگیا۔

اڈانی اور امبانی تو موجود تھے لیکن کسی بھی غریب کو مدعو نہیں کیاگیا۔ کانگریس قائد نے کہا کہ کانگریس کا انتخابی نشان ہاتھ ہرمذہب میں پایاجاتا ہے۔ گرونانک‘مہاویر اور گوتم بدھ کی تصاویر دیکھ لیجئے۔ اسلام میں بھی سلام اور دعا کیلئے ہاتھ ہی اٹھایاجاتا ہے۔ بھگوان شیو کی تصویر بھی دیکھ لیجئے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس میں ورکرس بی جے پی کی طرح اپنے قائدین کے سامنے اپنی رائے رکھتے ہوئے نہیں ڈرتے۔ وہ قائدین کے فیصلوں پرسوال اٹھاتے ہیں۔ بی جے پی میں قیادت کی ساری ٹیم مودی کو پسند نہیں کرتی لیکن اس کے اندر ہمت نہیں ہے۔ وہ ڈری ہوئی ہے۔ کانگریس میں مودی جیسا کوئی قائد ہوتا توساری پارٹی اس کے خلاف اٹھ کھڑی ہوتی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے 2022ء میں گجرات اسمبلی الیکشن ٹھیک طرح نہیں لڑا تھا۔

a3w
a3w