ہند۔پاک ورلڈکپ میاچ کی تاریخ تبدیل
ورلڈکپ میں ہندوستان اور پاکستان کا میچ اب ایک دن پہلے یعنی 15 اکتوبر کے بجائے 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ تاریخ میں تبدیلی ضرور ہوئی ہے لیکن یہ میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
احمدآباد: ورلڈکپ میں ہندوستان اور پاکستان کا میچ اب ایک دن پہلے یعنی 15 اکتوبر کے بجائے 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ تاریخ میں تبدیلی ضرور ہوئی ہے لیکن یہ میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
نوراتری کے پیش نظر بی سی سی آئی نے یہ فیصلہ آئی سی سی کی رضامندی سے لیاہے۔ تاہم ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ رپورٹس پر یقین کیا جائے تو ٹورنامنٹ کے شیڈول میں کچھ اور بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
تمام تبدیلیوں کا اعلان جلد ہی کیاجا سکتاہے۔ دراصل نوراتری 15 اکتوبر سے شروع ہورہی ہے۔ یہ نو دن طویل تہوار گجرات میں بڑے دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ ملک اور بیرون ملک سے لوگ آتے ہیں۔
ہند۔ پاک میچ میں بھی ایسا ہی ماحول ہوگا۔ ایسے میں سیکورٹی ایجنسی نے پہلے ہی بی سی سی آئی کو ایک ساتھ لاکھوں لوگوں کی حفاظت کے بارے میں خبردار کردیا تھا۔
تب سے ہندوستانی کرکٹ بورڈ نئی تاریخوں کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ واضح رہے کہ ونڈے ورلڈکپ میں میزبان ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا میاچ 8 اکتو بر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔