مشرق وسطیٰ

ایران نے ہائپرسونک میزائل ”فتاح“ تیار کرلیا

صدر ابراھیم رئیسی کے سامنے ایران کے انقلابی گارڈس میزائل کے ماڈل کی نقاب کشائی کرتے نظر آرہے ہیں۔ ایران کے پاس بیلسٹک میزائلوں کا وسیع ذخیرہ ہے۔

دبئی: ایران نے دعویٰ کیا کہ اس نے آوازسے 15گنا تیز رفتار سے پرواز کی صلاحیت رکھنے والا ایک ہائپر سونک میزائل تخلیق کیا ہے۔ ایران نے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب اس کے جوہری پروگرام پر امریکہ کے ساتھ ملک کے تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد میں کھلی اراضیات کو عوامی مقامات میں تبدیل کرنے کی کوششیں

 ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ ”فتاح“ نامی میزائل  1400 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔ خبر میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ میزائل کسی بھی علاقائی میزائل دفاعی نظام سے گزرسکتی ہے حالانکہ اس دعوے کی حمایت میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

 ٹی وی پر نشر فوٹیج میں صدر ابراھیم رئیسی کے سامنے ایران کے انقلابی گارڈس  میزائل کے ماڈل کی نقاب کشائی کرتے نظر آرہے ہیں۔ ایران کے پاس بیلسٹک میزائلوں کا وسیع ذخیرہ ہے۔

ماہ نومبر میں انقلابی گارڈ کے جنرل عامر علی نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے ایک ہائپر سونک میزائل تیار کیا ہے حالانکہ انہوں نے اس کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے تھے۔ جنرل کی جانب سے یہ دعویٰ اس وقت کیا گیا تھا جب ملک کی اخلاقی پولیس نے 22سالہ مہسا امینی کو گرفتار کیا تھا اور اس کی موت ہوگئی تھی۔

اس واقعہ کی وجہ سے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا سیلاب آگیا تھا اور عوام میں کافی برہمی تھی۔ ہائپرسونک ہتھیار اپنی تیز رفتار کی وجہ سے میزائل دفاعی نظام کے لیے سنگین چیلنجز پیش کرسکتا ہے۔

امریکہ اور یوروپی یونین کی مخالفت کے باوجود ایران نے کہا کہ وہ اپنے میزائل پروگرام کو مزید ترقی دے گا۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام اس کے دفاع کے لیے ہے۔ حالانکہ مغربی ماہرین کہتے ہیں کہ ایران ہمیشہ اپنی میزائل صلاحیتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔

 ایران کی بیلسٹک میزائلوں کے بارے میں تشویشوں نے سال 2018ء میں سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو 2015کا تاریخی جوہری معاہدہ منسوخ کرنے کے لیے مجبور کیا تھا۔