کیا ایس آئی آر میں بیرونِ ملک مقیم افراد کو نوٹس پر شخصی حاضری ضروری ہے؟
میں قطر میں رہتا ہوں۔ ایس آئی آر میں میرے نام کے تعلق سے Anomaly آئی ہے۔ میں نے آن لائن چیک کیا ہے۔ مجھ کو نوٹس بھی آئی ہے۔ مجھے ای آر او کے سامنے حاضر ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔
سوال : میں قطر میں رہتا ہوں۔ ایس آئی آر میں میرے نام کے تعلق سے Anomaly آئی ہے۔ میں نے آن لائن چیک کیا ہے۔ مجھ کو نوٹس بھی آئی ہے۔ مجھے ای آر او کے سامنے حاضر ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔ میرے پاس تمام دستاویزات موجود ہیں تاہم میری مجبوری یہ ہے کہ فی الفور سنوائی یا سماعت کے لئے میں قطر سے ہندوستان نہیں آسکتا۔
یہاں میرے لئے ملازمت کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ اگر لازمی طور پر مجھے آنا ہے تو پھر میں وطن واپس ہو جاؤں گا کیونکہ میرے لئے ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کروانا ضروری ہے۔ اگر میرا آنا ضروری نہیں ہے تو کیا میری طرف سے کوئی اور پیروی کر سکتے ہیں۔ میرے والد حیدرآباد میں رہتے ہیں۔ کیا وہ میری طرف سے پیروی کر سکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں رہنمائی فرمائیں تو بڑی مہربانی ہوگی۔
جواب : ایسے کئی لوگ ہیں جو ہندوستان سے باہر ملازمت، تعلیم اور دوسرے کاموں کے سلسلہ میں مقیم ہیں۔ ایسے کئی افراد کو ایس آئی آر کے تحت نوٹسیں موصول ہوئی ہیں اور یہ لوگ دشواری کا سامنا کر رہے ہیں تاہم حال ہی میں چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی کی جانب سے ایک سرکولر جاری کیا گیا۔
جس کے تحت ایس آئی آر کے عمل کے دوران نوٹس کی صورت میں ملازمت کے خصوص میں ہندوستان سے باہرمقیم افراد،بیمار افراد جو گھر سے باہر نہیں نکل سکتے، معذور یا فزیکلی ہینڈی کیاپ افراد کو شخصی حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ ایس آئی آر کی نوٹس کی صورت میں مذکورہ بالا افراد کا شخصی طور پر حاضر ہونا ضروری نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں آپ کو ایک اتھارائزیشن لیٹر دینا پڑے گا۔ جس میں یہ درج ہونا چاہئے کہ آپ کس کو اتھارائز پرسن بنا رہے ہیں۔
باضابطہ طور پر اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر اےای آر او یا الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر ای آر او جو بھی آپ کے آفیسر ہیں جنہوں نے بھی آپ کو سماعت میں حاضر ہونے کے لئے کہا ہے۔ ان کے نام پر آپ کولیٹر دینا ہوگا۔ جس میں ایس آئی آر کی نوٹس کا نمبر، تمام تفصیلات ، پولنگ اسٹیشن کا نمبر درج کرتے ہوئے اس بات کی صراحت کرنی ہوگی کہ آپ کس کو اتھارائزیشن دے رہے ہیں۔ ان کے نام کی وضاحت کرتے ہوئے لیٹر دینا پڑے گا۔
اتھارائزیشن لیٹر پر آپ دستخط ثبت کریں اور روانہ کریں اور جو شخص آپ کی طرف سے پیروی کرے گا وہ فرد بھی اس اتھارائزیشن لیٹر پر دستخط کرے گا اور سماعت میں آپ کی طرف سے شرکت کرے گاچونکہ آپ نے بتایا ہے کہ آپ کے والد حیدرآباد میں مقیم ہیں تو آپ اپنے والد کے نام پر اتھارائزیشن لیٹر بھیج سکتے ہیں۔
وہ اس لیٹر کی بنیاد پر اے ای آر او یا ای آر او کے سامنے آپ کی طرف سے حاضر ہو سکتے ہیں اور آپ کے دستاویزات اے ای آر او یا ای آر او کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔ اس طرح سے جو بھی Anomaly کا آپ کو سامنا ہے۔ وہ ہٹ جائے گی۔ ایس آئی آر کے معاملہ میں آپ کو تشویش میں مبتلا یا خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کو ہندوستان آنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کا کام اتھارائزیشن لیٹر پر ہی ہو جائے گا۔