تلنگانہ

محبوب نگر میں جمعیۃ علماء کے تحت اصلاح معاشرہ جلسہ: نشے کی لعنت سے قوم کو دور رہنے کی اپیل

جمعیۃ علماء ضلع محبوب نگر کے زیر اہتمام 14 ستمبر 2024 کو مسجد حنان محبوب نگر میں اصلاح معاشرہ جلسہ منعقد ہوا

محبوب نگر: جمعیۃ علماء ضلع محبوب نگر کے زیر اہتمام 14 ستمبر 2024 کو مسجد حنان محبوب نگر میں اصلاح معاشرہ جلسہ منعقد ہوا، جس کی صدارت مولانا محمد عبد اللہ خان حسامی نے کی اور محترم حافظ پیر شبیر صاحب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا کی نگرانی میں یہ جلسہ عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں
اصلاح معاشرہ کے لئے نکاح کو آسان کرنا اور اس کے لئے خواتین کو آگے آنا وقت کی اہم ضرورت: ڈاکٹر رفعت سیما
ریاستی جمعیتہ علماء تلنگانہ کا نئے وقف ترمیمی قانون پر شدید اعتراض، قانونی جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان
مسعود بن احمد گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر وطیفہ حسن پر سبکدوش
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کا سالانہ اجلاس: ایمان کی حفاظت اور مکاتب کے نظام پر زور
محبوب نگر: مدرسہ انوارالحسنات للبنات میں مولانا محمد محسن پاشاہ کی گل پوشی

محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش نے اپنے خطاب میں نشے کی لعنت کے معاشرے پر مضر اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اس کے جسم میں قیمتی اعضاء رکھے، لیکن آج کے نوجوان ان اعضاء کو نشے میں مبتلا ہو کر برباد کر رہے ہیں۔ انہوں نے اصلاحی کمیٹیاں بنانے پر زور دیا تاکہ نوجوانوں کو نشے سے دور کیا جا سکے۔

حافظ پیر خلیق احمد صابر نے کہا کہ جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پچھلے تیس سالوں سے اصلاح معاشرہ کے پروگرام منعقد کر رہی ہے۔ اس مرتبہ کے اہم موضوعات میں اینٹی ڈرگ موومنٹ، سودی لین دین سے بچاؤ، اور والدین کی نافرمانی کی اصلاح شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شادیوں میں اسراف اور جہیز کی لعنت سے بچنے کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ ایک ایسا ناسور ہے جس کی وجہ سے ملت کی ہزاروں لڑکیاں شادی کی عمر پار کر رہی ہیں۔

مولانا عبد الرحمن رشادی ندوی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو دوسروں کے لیے ہمدردی اور فکر پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دین نام ہے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حقوق کے ساتھ ساتھ بندوں کے حقوق کی ادائیگی کا۔

حضرت مولانا محمد عرفان صاحب قاسمی مبلغ دارالعلوم دیوبند نے نماز کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمیں نماز اس طرح ادا کرنی چاہیے جیسے یہ ہماری زندگی کی آخری نماز ہو۔ انہوں نے نصیحت کی کہ ہمیں اپنی بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے تاکہ بعد میں اللہ تعالیٰ یا بندوں کے سامنے شرمندگی نہ ہو۔

جلسہ کا آغاز حافظ وقاری فخرالدین صاحب رشادی کی قراءت کلام پاک سے ہوا اور حافظ احمد علی عامر نے نعت شریف پیش کی۔ جلسہ میں ضلع کے علماء و حفاظ اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مولانا محمد نعیم کوثرصاحب رشادی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع محبوب نگر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔