اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے چھاپہ مہم کے دوران 26 افراد کو گرفتارکیا :فلسطینی میڈیا
اسرائیلی فورسز نے آج پیر کے روز مغربی کنارے میں چھاپوں اور دراندازی کی مہم چلائی شروع کی جس میں درجنوں فلسطینیوں کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔
غزہ: اسرائیلی فورسز نے آج پیر کے روز مغربی کنارے میں چھاپوں اور دراندازی کی مہم چلائی شروع کی جس میں درجنوں فلسطینیوں کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی میڈیا نے 26 افراد کے نام شائع کیے جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں اسرائیلی فورسز نے بنی نعیم میں چھاپہ مہم کے دوران گرفتار کیا ہے۔ قابض فوج نے نابلس سے بھی متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔
قبل ازیں آج سوموار کو فلسطینی ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی اسپیشل فورسز نے مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں جلزون کیمپ پر دھاوا بولا۔ اس دوران فوج نے ایک نوجوان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔اس کے علاوہ اریحا شہر میں عقبہ جبر کیمپ پر ایک اور چھاپہ مارا۔
الاقصیٰ ٹی وی نے جلزون کیمپ میں بھاری ہتھیاروں کی فائرنگ کی اطلاع دی ہے۔
درایں اثناء قدس نیٹ ورک نے عقبہ جبر کیمپ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی افواج کے درمیان مسلح تصادم کی اطلاع دی۔
فلسطینی ٹیلی ویژن نے بتایاکہ عقبہ جبر کیمپ میں تصادم کے دوران اسرائیلی فورسز کی گولیوں سے ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے آج صبح سویرے الخلیل کے شمال میں واقع عروب کیمپ میں ایک شہری کو اس کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔ اس نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کیمپ کی گلیوں میں تعینات فورسز نے شہری کو گرفتار کرنے سے پہلے اس کے گھر کی تلاشی لی۔
بعد ازاں قدس نیٹ ورک نے اطلاع دی کہ اسرائیلی افواج نے بیت المقدس شہر اور مغربی کنارے کے بیتونیہ قصبے پر دھاوا بول دیا۔