دہلیسوشیل میڈیا

مہاراجہ اگرسین کالج کے پروفیسرس کا انوکھا احتجاج

دہلی یونیورسٹی سے ملحق مہاراجہ اگرسین کالج کے پروفیسرس نے گزشتہ چار ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پراروند کجریوال کی زیرقیادت عام آدمی پارٹی حکومت کے خلاف بطورِ احتجاج آج فٹ پاتھ پر جوتے پالش کیے۔

نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی سے ملحق مہاراجہ اگرسین کالج کے پروفیسرس نے گزشتہ چار ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پراروند کجریوال کی زیرقیادت عام آدمی پارٹی حکومت کے خلاف بطورِ احتجاج آج فٹ پاتھ پر جوتے پالش کیے۔

اس مظاہرہ میں طلباء کی کثیر تعداد نے بھی حصہ لیا۔ مہاراجہ اگرسین کالج کے ارکانِ عملہ کو باقاعدہ تنخواہیں نہ ملنے کا مسئلہ درپیش ہے۔ پروفیسرس نے الزام عائد کیا کہ کالج کے اڈھاک اساتذہ کو ساتویں پے کمیشن کے بقایہ جات موصول نہیں ہوئے ہیں۔

گزشتہ تین سال سے اساتذہ کو میڈیکل بلس، ایل ٹی سی سہولت اور چائلڈ ایجوکیشن الاؤنس موصول نہیں ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ دہلی یونیورسٹی سے ملحقہ 12 کالجوں کے مکمل فنڈس حکومت ِ دہلی فراہم کرتی ہے اور ان تمام کو مالی مسائل کا سامنا ہے۔

پروفیسرس نے بتایا کہ ان کالجوں میں گزشتہ تین سال سے گرانٹ کی کمی اور تاخیر کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ پروفیسر پی کے شرما نے بتایا کہ اساتذہ اور مہاراجہ اگرسین کالج کے ملازمین کو گزشتہ چار ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے، جس کی وجہ سے وہ مالی مسائل کا سامنا کررہے ہیں اور اپنے بچوں کے اسکول کی فیس اور قرض کی ای ایم آئی بھی ادا کرنے سے قاصر ہیں۔