جے شنکر کا دورہ پاکستان، کرکٹ ڈپلومیسی پر بھی تبادلہ خیال کا امکان
آئی سی سی چمپئنس ٹرافی میں ہندوستانی ٹیم کی پاکستان آمد کے حوالہ سے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
لاہور: آئی سی سی چمپئنس ٹرافی میں ہندوستانی ٹیم کی پاکستان آمد کے حوالہ سے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ہندوستانی وزیر خارجہ جے شنکر بھی شرکت کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کی جے شنکر سے ملاقات میں کرکٹ ڈپلومیسی پر بھی تبادلہ خیال ہوسکتا ہے۔ مجوزہ اور ممکنہ ملاقات میں محسن نقوی ہندوستانی ٹیم کو فراہم کی جانے والی سیکوریٹی، پروٹوکول اور دوسرے اہم نکات پر بات کریں گے۔
اس دوران ہندوستانی عہددیاروں کو آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کی تیاریوں اور آئی سی سی وفود کے دوروں پر بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ محسن نقوی‘ جئے شنکر کو چمپئنز ٹرافی کے میاچس دیکھنے کی دعوت بھی دیں گے۔
پاکستان کو 19 فروری سے 9 مارچ تک چمپئنز ٹرافی کے میاچس کی میزبانی کرنی ہے جس کیلئے ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیم کی روانگی کو حکومتی اجازت سے مشروط کر رکھا ہے۔
پاکستان نے گزشتہ برس ہندوستان میں منعقدہ آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کی تھی۔ قواعد کے مطابق آئی سی سی ایونٹ کے میزبان ملک جاکر کھیلنا ہر ٹیم کیلئے ضروری ہوتا ہے۔
Photo Source: @iGorilla19