کرینہ کپور یونیسیف انڈیا کی برانڈ ایمبیسیڈر بنیں
یونیسیف انڈیا نے بچوں کی فلاح و بہبود کے شعبے میں کام کرنے والی گورانشی شرما (مدھیہ پردیش)، کارتک ورما (اتر پردیش)، ناہید آفرین (آسام) اور ونیشا اوماشنکر (تمل ناڈو) کو بطور ینگ ایڈوکیٹس مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا۔
نئی دہلی: یونیسیف انڈیا نے ہفتہ کو ہندوستانی سنیما کی مقبول اداکارہ کرینہ کپور خان کو اپنا قومی سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ راجدھانی میں ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے ہندوستان میں یونیسیف کی نمائندہ سنتھیا میک کیفری نے کہا، "میں کرینہ کپور خان کو یونیسیف انڈیا کی قومی سفیر کے طور پر خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوش ہوں۔
"گزشتہ برسوں میں ان کے مضبوط عزم نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے کام کو آگے بڑھانے میں بہت مدد کی ہے۔”
اس موقع پر یونیسیف انڈیا نے بچوں کی فلاح و بہبود کے شعبے میں کام کرنے والی گورانشی شرما (مدھیہ پردیش)، کارتک ورما (اتر پردیش)، ناہید آفرین (آسام) اور ونیشا اوماشنکر (تمل ناڈو) کو بطور ینگ ایڈوکیٹس مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا۔
قابل ذکر ہے کہ یونیسیف کی ہندوستان کے ساتھ شراکت داری کا 75 واں سال جاری ہے۔ کرینہ کپور خان 2014 سے یونیسیف انڈیا کی سیلبریٹی ایڈووکیٹ ہیں اور انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم، صنفی مساوات، بنیادی تعلیم، ویکسینیشن اور دودھ پلانے کے فروغ جیسے مسائل پر کام کیا ہے۔
یونیسیف کی ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کرینہ کپور خان اس کے ساتھ بچوں کی تعلیم، صحت، ان کی نشوونما اور لڑکیوں کے مساوی حقوق کے لیے بھی کام کر رہی ہیں۔
اس موقع پر کرینہ کا کہنا تھا کہ ‘بچے معاشرے کا مستقبل ہیں، ان کے حقوق سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں ہے۔ مجھے ہندوستان کے قومی سفیر کے طور پر یونیسیف کے ساتھ اس سفر کو جاری رکھنے پر فخر ہے۔
سنتھیا میک کیفری نے کہا، "کرینہ نے ہماری بہت سی قومی اور عالمی مہموں کی حمایت کرکے اپنی توانائی اور اثر و رسوخ کا مظاہرہ کیا ہے۔ "وہ ہمارے چار ینگ ایڈووکیٹس کے ساتھ یونیسیف انڈیا کی قومی سفیر کے طور پر یونیسیف فیملی میں شامل ہوئی ہیں۔”