کرناٹک

سابق چیف منسٹر ایس ایم کرشنا کے انتقال پر کرناٹک میں سہ روزہ سوگ کا اعلان

آبائی ٹاؤن میں ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ایس ایم کرشنا نے میسورو کے سری رام کرشنا ودیاشالہ میں سکنڈری تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے میسورو کے مہاراجہ کالج سے بیچلر آف آرٹس(بی اے) کی ڈگری لی تھی۔

بنگلورو: سابق چیف منسٹر کرناٹک اور وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا طویل علالت کے بعد منگل کے دن بنگلورو میں چل بسے۔ وہ 93 برس کے تھے۔ حکومت ِ کرناٹک نے چہارشنبہ کے دن تعطیل کا اعلان کیا۔ ایس ایم کرشنا کی نعش کو عوام کے دیدار کے لئے سداشیونگر میں ان کے بنگلہ میں رکھنے کے بعد آخری رسومات کے لئے چہارشنبہ کی صبح 8 بجے ان کے آبائی مقام سومن ہلی (مدور ضلع منڈیا) لے جایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ ہائی کورٹ میں تحقیقاتی کمیشن کو غیر قانونی قرار دینے کی درخواست مسترد
ہبالی فساد کیس واپس لینے کی مدافعت: وزیر داخلہ کرناٹک
کمیشن نے چامراج نگر سیٹ پر دیا دوبارہ پولنگ کا حکم
کرناٹک قانون ساز کونسل میں متنازعہ مندر ٹیکس بل کو شکست
بین مذہبی جوڑے کو مارپیٹ،7 افراد گرفتار

انہیں امراض ِ پیرانہ سالی (بڑھاپا) لاحق تھے۔ انہیں ویدیہی ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا تھا اور پھیپھڑوں کے انفیکشن کے بعد منی پال ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ حال میں وہ آئی سی یو میں تھے۔ انہوں نے سداشیونگر میں اپنے بنگلہ میں آخری سانس لی۔ پسماندگان میں بیوی پریما اور 2 بیٹیاں ہیں۔

حکومت ِ کرناٹک نے ریاست میں سہ روزہ سوگ کا اعلان کیا۔ قومی پرچم ریاست میں 12 دسمبر تک نصف بلندی پر لہرائے گا۔ چہارشنبہ کے دن آخری رسومات سرکاری اعزازات کے ساتھ انجام دی جائیں گی۔ 11 دسمبر کو تمام اسکولوں‘ کالجوں اور سرکاری دفاتر کو تعطیل ہوگی۔

آبائی ٹاؤن میں ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ایس ایم کرشنا نے میسورو کے سری رام کرشنا ودیاشالہ میں سکنڈری تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے میسورو کے مہاراجہ کالج سے بیچلر آف آرٹس(بی اے) کی ڈگری لی تھی۔

انہوں نے یونیورسٹی لاء کالج سے قانون کی ڈگری لی اور انہیں ڈلاس کی سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی اور جارج واشنگٹن یونیورسٹی لا اسکول واشنگٹن کی ڈگریاں ملی تھیں۔ وہ انفارمیشن ٹکنالوجی‘ بائیوٹکنالوجی شعبوں میں اپنی خدمات اور ملک کے انفارمیشن ٹکنالوجی دارالحکومت کے طورپر بنگلور کے ابھرنے میں ہاتھ بٹانے کے لئے جانے جاتے ہیں۔

 صدرجمہوریہ دروپدی مرمو‘ وزیراعظم نریندر مودی‘ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا‘ مرکزی وزیر بھاری صنعتیں و فولاد ایچ ڈی کمارا سوامی‘ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی‘ سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا‘ موجودہ چیف منسٹر سدارامیا اور کئی دیگر قائدین نے ایس ایم کرشنا کے دیہانت پر دکھ ظاہر کیا۔

ایس ایم کرشنا‘ منموہن سنگھ حکومت میں وزیر خارجہ تھے۔ وہ 1999 تا 2004 کرناٹک کے چیف منسٹر اور 2004 تا 2008 گورنر مہاراشٹرا رہے۔ 2017 میں انہوں نے کانگریس چھوڑکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن زیادہ سرگرم نہیں تھے۔ انہوں نے 7 جنوری 2023 کو سیاست سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا تھا۔