تلنگانہ

مہاراشٹرامیں بی آرایس حکومت قائم ہونے پر فلاحی اسکیمات کاوعدہ

کے چندرشیکھرراؤنے عوام پرزوردیا کہ وہ ملک میں کیاہورہاہے اس کے بارے میں غور کریں۔ ملک آزادہوکر 75سال کا عرصہ ہوگیا ہے لیکن ملک کے کئی مقامات پر عوام کوپینے کا محفوظ پانی اور کاشت کے لئے آبپاشی سہولت میسر نہیں ہے۔

حیدرآباد: صدربی آرایس وچیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤنے عوام پرزوردیا کہ وہ ملک میں کیاہورہاہے اس کے بارے میں غور کریں۔ ملک آزادہوکر 75سال کا عرصہ ہوگیا ہے لیکن ملک کے کئی مقامات پر عوام کوپینے کا محفوظ پانی اور کاشت کے لئے آبپاشی سہولت میسر نہیں ہے۔

کے سی آر نے نعرہ دیا’اب کی بارکسان سرکار‘۔ چیف منسٹر کے سی آر آج مہاراشٹرا ریاست کے جیبندا میدان میں منعقدہ بی آر ایس کے جلسہ عام کومخاطب کررہے تھے۔

اس موقع پرمہاراشٹرا کے کئی قائدین نے بی آر ایس میں شمولیت اختیارکرلی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہاکہ گوداوری اور کرشنا جیسی ندیاں رہنے کے باوجود مہاراشٹرامیں پانی کا مسئلہ کیوں ہے۔انہوں نے کہاکہ ممبئی ملک کی مالیاتی راجدھانی ہے اس کے باوجود ریاست میں پینے کے پانی کی قلت پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک ترقی کررہا ہے یا ترقی نہیں کررہا ہے۔ اس کے بارے میں عوام کو سوچنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اورنگ آباد اور آکولہ میں پینے کے پانی کا مسئلہ پایا جاتا ہے۔

ملک میں امیر مزید دولتمندہورہا ہے جبکہ غریب مزید غریب ہورہا ہے۔یہ سب ہمارے آنکھوں کے سامنے ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں آج جوکہہ رہا ہوں اس کے بارے میں آپ لوگ اپنے علاقوں میں غور کریں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی عوام جتنی جلد بیدارہوگی اتنی ہی جلدی ملک میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں وافر آبی وسائل موجود ہیں۔ اس کا بہتر استعمال کرکے ہم خودمکتفی ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہاراشٹرامیں بی آرایس کی حکومت قائم ہونے کے بعدبی آرایس حکومت ہرگھر کوپینے کے پانی کی سہولت فراہم کرے گی۔

کسانوں کومفت برقی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ وہ تلنگانہ ریاست کی طرح مہاراشٹرا میں بھی فلاحی اسکیمات نافذ کریں گے جوعوامی ادارے خانگی صنعتی اداروں کوفروخت کردیئے گئے ہیں بی آرایس حکومت ان عوامی اداروں کوواپس حاصل کرے گی۔