کرناٹک کے وزراء کی بجٹ وعدوں کی عدم تکمیل پر مرکزی حکومت پر سخت تنقید
کرناٹک کے وزراء دنیش گنڈو راؤ اور ایم سی سدھاکر نے جمعرات کو مرکزی بجٹ 2026 کے نفاذ اور مرکزی حکومت کی جانب سے غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بنگلورو: کرناٹک کے وزراء دنیش گنڈو راؤ اور ایم سی سدھاکر نے جمعرات کو مرکزی بجٹ 2026 کے نفاذ اور مرکزی حکومت کی جانب سے غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
گنڈو راؤ نے کہا کہ بجٹ کا ایک تقدس ہونا چاہیے اور کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بدقسمتی سے، گزشتہ دو تین سال کے دوران کرناٹک کے لیے مرکزی بجٹ میں کیے گئے وعدے پورے نہیں ہو سکے۔
یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ مرکزی حکومت کرناٹک کے ساتھ اس طرح کا ناروا سلوک کر رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مرکز پر زور دیا کہ وہ پچھلے وعدوں کو پورا کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ بنگلورو کو وہ پہچان ملے جس کی وہ حقدار ہے۔
گنڈو راؤ کا کہنا تھا کہ ’’مجھے امید ہے کہ مرکزی حکومت ایک اچھا بجٹ پیش کرے گی، لیکن میری توقعات زیادہ نہیں ہیں کیونکہ غیر بی جے پی ریاستوں کے ساتھ ہونے والا امتیاز بالکل واضح ہے۔‘‘
دوسری جانب ایم سی سدھاکر نے بھی مرکزی اسکیموں، خاص طور پر ’جل جیون مشن‘ کے طریقہ ٔکار کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا۔