دہلی

دہلی اکسائز پالیسی‘ 40 مقامات پر ای ڈی کے تازہ دھاوے

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج دہلی کی منسوخ شدہ اکسائز پالیسی میں مبینہ بے قاعدگیوں اورمنی لانڈرنگ کی تحقیقات کے ایک حصہ کے طورپرملک بھرمیں تقریباً40 مقامات پردھاوے کئے۔

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج دہلی کی منسوخ شدہ اکسائز پالیسی میں مبینہ بے قاعدگیوں اورمنی لانڈرنگ کی تحقیقات کے ایک حصہ کے طورپرملک بھرمیں تقریباً40 مقامات پردھاوے کئے۔

سرکاری ذرائع نے بتایاکہ آندھراپردیش کے نیلوراورچند دیگر شہروں کے علاوہ تلنگانہ، کرناٹک،ٹاملناڈو اور دہلی این سی آر میں شراب تاجرین، ڈسٹری بیوٹرس اورسپلائی چین نٹ ورکس کے مکانات اوردفاتر پر دھاوے کئے جارہے ہیں۔یہ کاروائی آج صبح سویرے شروع ہوئی۔

پولیس ٹیموں اور نیم فوجی فورسس کاعملہ ایجنسی کی ٹیموں کے ساتھ تھا۔وفاقی ایجنسی نے اس کیس میں دوسری مرتبہ دھاوے کئے ہیں۔پہلی مرتبہ 6ستمبرکوملک بھرمیں تقریباً40مقامات پر دھاوے کئے جارہے تھے جن میں حکومت پنجاب کے محکمہ آبکاری کے بعض عہدیداروں کے مکانات اور دفاترپردھاوے کئے گئے تھے۔

دہلی کے لیفٹننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی جانب سے سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کئے جانے کے بعد چیف منسٹر اروند کجریوال کی حکومت نے جاریہ سال جولائی میں اس پالیسی کومنسوخ کردیاتھا جس پر17نومبر2021 سے عمل آوری کی جارہی تھی۔

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے سی بی آئی کی ایک ایف آئی آر کی بنیاد پراس کیس میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کی ہیں۔دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹرمنیش سسوڈیا اوردہلی حکومت کے بعض عہدیداروں کوملزم بنایاگیاہے۔ سی بی آئی نے اس کیس میں 19۔اگست کو دھاوے کئے تھے۔منیش سسوڈیا،آئی اے ایس عہدیدار اور دہلی کے سابق اکسائز کمشنراے گوپی کرشناکی قیامگاہوں اور7ریاستوں اورمرکزی زیرانتظام علاقوں میں دیگر19 مقامات کی تلاشی لی گئی تھی۔

اروندکجریوال کی زیرقیادت دہلی حکومت میں منیش سسوڈیاکے پاس کئی قلمدان ہیں، جن میں اکسائزاورتعلیم کا قلمدان بھی شامل ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیادہلی اکسائزپالیسی کی تیاری اوراس پر عمل آوری میں کوئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں اورآیا ملزمین نے کوئی کالادھن بنایاہے۔ ایجنسی نے تہاڑجیل میں قید عام آدمی پارٹی قائد اوروزیرستیندرجین سے بھی پوچھ تاچھ کی ہے۔

قبل ازیں اس نے ایک مقامی عدالت سے ایسا کرنے کی اجازت حاصل کی تھی۔ ستیندرجین کو ای ڈی نے انسداد رشوت ستانی قانون کے تحت درج کئے گئے ایک اورفوجداری کیس میں 30مئی کوگرفتار کیاتھا۔ یہ کیس حوالہ معاملتوں سے تعلق رکھتاتھا۔دہلی کے لیفٹننٹ گورنر سکسینہ کی جانب سے دہلی اکسائزپالیسی 2021-22 پرعمل آوری میں مبینہ بے قاعدگیوں کی سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کے بعدشراب اسکام کے بارے میں تحقیقات شروع ہوئی تھیں۔