گھرگھر سروے، عوامی حالات بدلنے اور مثالی حکمرانی کیلئے مفید ہوگا:پونم پربھاکر
پونم پربھاکر نے کہا کہ یہ سروے ملک کے لیے مثال بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 30 فیصد سروے پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔ گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)حدود میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد مکانات کا سروے کیا جائے گا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیرٹرانسپورٹ و انچارج وزیرحیدرآباد پونم پر بھاکر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ گھر گھر جامع سروے عوام کے حالات میں تبدیلی لانے اور مثالی حکمرانی فراہم کرنے کیلئے مفید ثابت ہوگا۔اس تاریخی سروے سے تلنگانہ کے عوام کے ساتھ انصاف کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ سروے ملک کے لیے مثال بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 30 فیصد سروے پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔ گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)حدود میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد مکانات کا سروے کیا جائے گا۔
ریاست میں 85 ہزار سے زیادہ شمار کنندگان سروے کر رہے ہیں۔وزیرموصوف نے مئیرحیدرآباد جی وجئے لکشمی کے ساتھ بنجارہ ہلز این بی ٹی نگر میں گھر گھر ایک جامع سروے میں حصہ لیا۔انہوں نے انکلیواپارٹمنٹ میں محمد نعیم کے خاندان کی تفصیلات درج کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری بھی سروے کے بارے میں مثبت ہیں اور کہیں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ اس سروے کی وجہ سے کسی بھی اسکیم میں کٹوتی نہیں کی جائے گی،اس میں کسی قسم کے شکوک و شبہات کی ضرورت نہیں ہے۔حکومت شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس سروے میں حصہ لیں،ان کی معلومات کو خفیہ رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ ضلع کلکٹرس سے رابطہ کریں۔ وہ شکوک کو دور کریں گے۔