ممتاز شاعر ومجاہد آزاد ی دشرتھی کی صدسالہ تقاریب بڑے پیمانے پر منائی جائے،کے کویتا کا وزیر سیاحت کو مکتوب
اپنے مکتوب میں کویتا نے اس بات کو اجاگر کیاکہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھرراﺅ کے دورحکومت میں نظام آباد کی قدیم جیل میں دشرتھی میموریل کے قیام کےلئے فنڈ مختص کئے گئے تھے۔جہاں وہ مقید تھے۔
حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا نے وزیر سیاحت تلنگانہ جو پلی کرشنا راﺅ کو ایک مکتوب تحریر کیا ۔ جس میں حکومت سے مطالبہ کیاگیاہے کہ وہ ممتا ز شاعر ومجاہد آزادی دشرتھی کرشنما چاریلوکی صدسالہ تقاریب کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لائے۔
اپنے مکتوب میں کویتا نے اس بات کو اجاگر کیاکہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھرراﺅ کے دورحکومت میں نظام آباد کی قدیم جیل میں دشرتھی میموریل کے قیام کےلئے فنڈ مختص کئے گئے تھے۔جہاں وہ مقید تھے۔
انہوں نے اس یادگار کی توسیع اور بہتر انتظامات اور مرمت کے ساتھ اسے ایک اہمیت کے حامل سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے کےلئے مزید حکومتی تعاون کی درخواست کی۔کے کویتا نے مطالبہ کیاکہ حکومت گزشتہ سال 22جولائی سے شروع ہونے والی تقریبات کو وسعت دے اور ان کی میراث کی یاد میں سال بھر تقاریب کا اہتمام کرے
۔انہوں نے اسکولس اور ریاستی دونوں سطحوں پر صدسالہ تقاریب کے اختتام پر اہم پروگرامس کے انعقاد کی سفارش کی۔رکن قانون ساز کونسل بی آرایس نے حیدرآباد میں ایک نمایاں مقام پر دشرتھی کے مجسمہ کی تنصیب اور ان کے مقام پیدائش چنا گوڈورو ضلع محبوب آبادمیں ایک میموریل گارڈن کے قیام کی بھی سفارش کی۔
علاوہ ازیں کویتا نے موضع میں دشرتھی لائبریری کےلئے ایک جدید عمارت کی تعمیر اور ان کے کاموں کی عوام تک رسائی کےلئے اشاعت کی بھی درخواست کی۔
اپنے مکتوب میں کویتا نے تلنگانہ کی ثقافتی اور سیاسی تاریخ میں دشرتھی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے دشرتھی کی مشہور سطور کا حوالہ دیاجو خطہ کی مزاحمت اور فخر کی عکاسی کرتی ہیں۔انہوںنے نشاندہی کی کہ محروس رہنے کے باوجود کرشنما چاریلو نے اپنی تحریروں کے ذریعہ سماج کی حوصلہ افزائی جاری رکھی۔
رکن قانون ساز کونسل نے اس حقیقت کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی کہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھرراﺅ کی قیادت میں تلنگانہ حکومت سال 2015سے سرکاری سطح پر دشرتھی کا یوم پیدائش منارہی ہے اور ساتھ ہی” دشرتھی ساہتیہ پرسکار“کا نظم عمل میں لایاجارہاہے۔تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ صدسالہ تقاریب کے سلسلہ میں حالیہ برسوں میں ناکافی سرگرمیاں دیکھی گئیں۔