کے سی آر کا پھر ایک بار دورہ ناندیڑ، تیاریاں جاری
اسی سلسلہ میں 26 مارچ کو ناندیڑ ضلع کے لوہا تعلقہ کے بیل بازار میدان میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

ناندیڑ: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اور بھارت راشٹرا سمیتی کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ 26 مارچ کو ناندیڑ کے لوہا تعلقہ میں ایک ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔ ریلی کی بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔
کے چندر شیکھر راؤ کے ناندیڑ دورے کی تفصیلات کے بارے میں میڈیا نمائندوں کو معلومات دینے کیلئے آج ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں بودھن سے بی آر ایس کے ایم ایل اے شکیل عامر اور ایم ایل اے جیون ریڈی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ناندیڑ میں پچھلے مہینہ وزیر اعلی کے سی آر کا دورہ ہوا۔

اس دوران منعقدہ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ شہر کے علاوہ اب دیہی مقامات سے بھی بی آر ایس میں شامل ہونے والے افراد کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے بی آر ایس قائدین نے پارٹی کو دیہی مقامات تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسی سلسلہ میں 26 مارچ کو ناندیڑ ضلع کے لوہا تعلقہ کے بیل بازار میدان میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس ریلی میں قندھار لوہا سے سابق ایم ایل اے این سی پی لیڈر شنکر اننا دھونڈگے نے این سی پی کو چھوڑکر بی آر ایس میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے سی آر کی موجودگی میں منعقد ہونے والے پروگرام کے دوران شنکر اننا دھونڈگے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
شنکر اننا دھونڈگے کے علاوہ اور بھی مختلف سیاسی پارٹیوں سے نکل کر آنے والے کئی لیڈران بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔ مہاراشٹر میں بی آر ایس کو مل رہی مقبولیت کے حوالے سے شکیل عامر نے کہا کہ تلنگانہ میں جس طرح لوگوں کی فلاح وبہبود کے لئے کئی اہم اسکیمیں چلائی جارہی ہیں، اس کا فائدہ وہاں کے تمام طبقات کو ہورہاہے۔
تلنگانہ کی خوشحالی کا ماڈل مہاراشٹر میں بھی نافذ کرنا یہ ہمارا مقصد ہے اور اسی ترقی کے ماڈل کو لے کر ہم ناندیڑ کے عوام کے بیچ جارہے ہیں۔ جس طرح سے یہاں لوگوں میں جوش وخروش دیکھنے کو مل رہا ہے، اس سے ہمارے حوصلے بلند ہیں۔
ہمیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ہونے والے پارلیمانی، اسمبلی، ضلع پریشد اور میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کو زبردست کامیابی ملے گی۔ بی آر ایس پارٹی نے تمام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہاں کے کئی نامور سیاسی قائدین بی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ جلد ہی بی آر ایس پارٹی مہاراشٹر کی ایک اہم سیاسی پارٹی بن کر ابھرنے میں کامیاب ہوگی۔