سوشیل میڈیا

کھانے میں چھپکلی ، کستور با اسکول کی 14 طالبات متاثر

ضلع کلکٹر جنگاؤں عبدالحمید، ڈی ای او رامو نے ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے زیر علاج طالبات کی عیادت کی اور ان سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈاکٹروں نے کلکٹرکو بتایا کہ تمام طالبات کی حالت مستحکم ہے۔

حیدرآباد: گورنمنٹ کستور باگاندھی بالیکا ودیالیہ اقامتی اسکول کی کم وبیش 14طالبات، سمیت غذا سے متاثر ہوگئیں۔ اس اسکول کی طالبات کو سربراہ کردہ کھانے میں چپکلی پائی گئی جس کے سبب یہ کھانا کھانے سے طالبات علیل ہوگئیں۔

یہ واقعہ ضلع جنگاؤں کے دیوراوپلامنڈل سنٹر میں کل رات پیش آیا۔ رات کا کھانا کھانے کے بعد طالبات نے قئے اور دردشکم کی شکایت کی۔ چند طالبات کی حالت بہت زیادہ بگڑ گئی جنہیں جنگاؤں کے گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

اس ہاسپٹل میں زیر علاج ایک طالبہ نے بتایا کہ انہیں کھانے میں مردہ چپکلی دکھائی دی جس کے بعد اُس نے کھانا ترک کردیا جس کے بعداُس طالبہ نے متعلقہ انچارج کو اس کی اطلاع دی۔

 چند منٹوں بعد کئی طالبات کو الٹیاں شروع ہوگئیں اور ان طالبات نے درد شکم کی شکایت بھی کی۔ ان میں چند نے قئے ودست کی بھی شکایت کی۔ یہ خبر، منڈل میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ پریشان حاصل والدین فوری ہاسپٹل پہنچ گئے۔

اولیائے طلبہ نے خاطی شخص کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ ضلع کلکٹر جنگاؤں عبدالحمید، ڈی ای او رامو نے ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے زیر علاج طالبات کی عیادت کی اور ان سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈاکٹروں نے کلکٹرکو بتایا کہ تمام طالبات کی حالت مستحکم ہے۔

 ریاست تلنگانہ میں گزشتہ ایک سال کے دوران سرکاری، ایڈڈ اقامتی اسکولوں اور کالجوں میں سمیت غذا کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ٹریپل آئی ٹی باسر سے کستور با، مائنا ریٹیز، ایس سی ایس ٹی اور بی سی اقامتی تعلیمی اداروں میں آلودہ غذا اور پانی کے استعمال سے کئی طلبہ کے متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

 گذشتہ ایک سال کے دوران سمیت غذا کے سبب تقریباً 1500 طلبہ علیل ہوچکے ہیں۔ ریاست کے 33 کے منجملہ17اضلاع جن میں جنگاؤں، عادل آباد، آصف آباد، نرمل، منچریال، کریم نگر، سرسلہ، سنگاریڈی، میدک، سدی پیٹ، ہنمکنڈہ، وقار آباد، محبوب نگر، محبوب آباد، نلگنڈہ اور کھمم شامل ہیں۔ سمیت غذا کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔