لوک سبھا انتخابات: ساتویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ جاری
اٹھارویں لوک سبھا انتخابات کے لیے آخری مرحلے کی ووٹنگ ہفتہ کے روز سخت سکیورٹی کے درمیان صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی، صرف ہماچل پردیش میں ووٹنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔
نئی دہلی: اٹھارویں لوک سبھا انتخابات کے لیے آخری مرحلے کی ووٹنگ ہفتہ کے روز سخت سکیورٹی کے درمیان صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی، صرف ہماچل پردیش میں ووٹنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ساتویں اور آخری مرحلے میں آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 57 پارلیمانی نشستوں اور اڈیشہ اسمبلی کے چوتھے اور آخری مرحلے کی 42 نشستوں کے لیے بحسن وخوبی ووٹنگ کرانے کے لیے تمام ضروری تیاریاں کی گئی ہیں۔
انتخابات کے آخری مرحلے میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر، انوپریہ پٹیل، بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت، اداکار روی کشن، سابق مرکزی وزراء روی شنکر پرساد اور سنجے ٹنڈن، کانگریس کے اکھلیش پرتاپ سنگھ، اجے رائے، ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی، پنجاب کے سابق وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی اور بھوجپوری فنکار پون سنگھ، سابق مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل، راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو کی بڑی بیٹی میسا بھارتی سمیت متعدد سیاسی شخصیات کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں قید ہوگا۔
آج اتر پردیش کی 13 سیٹوں مہاراج گنج، گورکھپور، کشی نگر، دیوریا، بانسگاؤں، گھوسی، سلیم پور، بلیا، غازی پور، چندولی، بنارس، مرزا پور، رابرٹس گنج کے لیے ووٹنگ ہوگی۔
اس مرحلے میں ہماچل پردیش کی چاروں سیٹوں – کانگڑا، منڈی، ہمیر پور اور شملہ میں اور پنجاب کی تمام 13 پارلیمانی سیٹوں – گرداس پور، امرتسر، کھڈور صاحب، جالندھر (ریزرو)، ہوشیار پور (ریزرو)، آنند پور صاحب، لدھیانہ، فتح گڑھ صاحب (ریزرو)، فرید کوٹ (ریزرو)، فیروز پور، بھٹنڈہ، سنگرور اور پٹیالہ میں ووٹ ڈالے جائيں گے۔
اس مرحلے میں بہار کی بقیہ آٹھ سیٹوں – نالندہ، پٹنہ صاحب، پاٹلی پتر، آرہ، بکسر، سہسرام، کرکت، اور جہان آباد میں اور اڈیشہ کی باقی چھ پارلیمانی سیٹوں – میوربھنج، بالاسور جاج پور، کیندرپاڑہ، جگت سنگھ پور، اور بھدرک میں، جبکہ مغربی بنگال کی بقیہ نو نشستوں دمدم، باراسات، بشیرہاٹ، جے نگر، متھرا پور، ڈائمنڈ ہاربر، جادھوپور، کولکاتہ جنوبی، کولکاتہ شمالی کے لیے بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی جھارکھنڈ کے راج محل، دمکا اور گوڈا پارلیمانی حلقوں اور مرکز کے زیر انتظام خطہ چنڈی گڑھ کی واحد سیٹ پر بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔
ساتویں اور آخری مرحلے میں اتر پردیش کی 13 سیٹوں پر 144، پنجاب کی 13 سیٹوں پر 328، مغربی بنگال کی 9 سیٹوں پر 124، بہار کی آٹھ سیٹوں پر 134، اڈیشہ کی چھ سیٹوں پر 66، ہماچل پردیش کی چار سیٹوں پر 37، جھارکھنڈ کی تین نشستوں پر 52 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں اور مرکز کے زیر انتظام خطہ چنڈی گڑھ کی ایک سیٹ پر 19 امیدوار میدان میں ہیں۔
اس مرحلے میں 57 لوک سبھا سیٹوں پر 904 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا اور اڈیشہ اسمبلی کے آخری مرحلے کے میں 42 سیٹوں پر 72 خواتین سمیت 460 امیدواروں کی انتخابی قسمت طے ہوگی۔
انتخابی کمیشن کی ریلیز کے مطابق، آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی کل 57 پارلیمانی نشستوں کے لیے آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کرانے کے لیے تقریباً 10.9 لاکھ انتخابی افسران کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔
آخری مرحلے میں 10.06 کروڑ سے زیادہ ووٹر 1.09 لاکھ پولنگ اسٹیشنوں پر اپنا ووٹ ڈال کر 904 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ووٹنگ کے ساتویں مرحلے کے ووٹروں میں 5.24 کروڑ مرد، 4.82 کروڑ خواتین اور 3574 ٹرانس جینڈر ووٹر ہیں۔
اڈیشہ میں لوک سبھا کے ساتھ ہی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات بھی ہورہے ہیں۔ آخری مرحلے میں آٹھ اضلاع میں قائم 10,882 بوتھ پر تقریباً 99,55,556 ووٹر، 50,85,538 مرد، 48,69,331 خواتین اور 687 خواجہ سرا اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ریاستی قانون ساز اسمبلی کی بقیہ 42 نشستوں کے لیے 460 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 72 خواتین ہیں۔
کمیشن نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود گزشتہ مرحلوں میں ووٹر بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچے ہیں۔ خواتین ووٹروں نے آخری دو مرحلوں میں ووٹ ڈالنے میں مردوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کمیشن نے ووٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں پر آئیں اور ذمہ داری ادا کریں اور فخر کے ساتھ ووٹ دیں۔
اس مرحلے میں 57 پارلیمانی نشستوں میں سے 41 عام زمرہ، تین درج فہرست قبائل اور 13 درج فہرست ذات کی نشستیں ہیں۔ اڈیشہ اسمبلی کی 42 نشستوں میں سے 27 عام زمرے کے لیے، چھ درج فہرست قبائل کے لیے اور نو درج فہرست ذات کے لیے ہیں۔
کمیشن نے کہا ہے کہ ہماچل پردیش کے لیے پولنگ اور سکیورٹی اہلکاروں کو لے جانے کے لیے 13 خصوصی ٹرینیں اور آٹھ ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے ہیں۔ ووٹنگ کو منی پاور کے اثر سے پاک رکھنے کے لیے کل 2707 فلائنگ اسکواڈز، مختلف مقامات پر 2799 سرویلانس ٹیمیں، 1080 ویجیلنس ٹیمیں اور 560 ویڈیو سرویلانس ٹیمیں چوبیس گھنٹے تعینات ہیں۔
کمیشن نے 85 سال سے زیادہ عمر کے رجسٹرڈ ووٹرز اور معذور ووٹرز کو گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی ہے۔
لوک سبھا کی کل 543 سیٹوں میں سے 486 سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 102 سیٹوں پر 66.14 فیصد، دوسرے مرحلے میں 88 سیٹوں پر 66.71 فیصد، تیسرے مرحلے میں 93 سیٹوں پر 65.68 فیصد، چوتھے مرحلے میں 96 سیٹوں پر 67.71 فیصد، پانچویں مرحلے میں 49 سیٹوں پر 62.20 فیصد اور چھٹے مرحلے میں 58 پارلیمانی نشستوں پر 63.37 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
ہفتہ کے روز ساتویں اور آخری مرحلے میں ووٹنگ شروع ہوگئی ہے۔ اڈیشہ اسمبلی کی 147 سیٹوں میں سے پہلے مرحلے میں 28 سیٹوں پر، دوسرے مرحلے میں 35 سیٹوں اور تیسرے مرحلے میں 42 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی ہے۔
اروناچل کو علاوہ تمام ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔